اسلام ٹائمز۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے یوم پیدائش قائد اعظم محمد علی جناح کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ قائد اعظم محمد علی جناح کی سالگرہ کا یہ دن ہمارے لئے بحیثیت قوم، انفرادی اور اجتماعی طور پر خصوصی اہمیت کا حامل ہے کیوں کہ آج کا دن جہاں اپنے عظیم قائد کو خراج عقیدت پیش کرنے کا موقع ہے وہاں ان کے افکار و سوچ کو تازہ کرنے اور اس نظریے کو بنیاد بناکر آگے بڑھنے کے عزم کا اعادہ کرنے کا بھی دن ہے۔ برصغیر پاک و ہند میں انگریز کے تسلط اور ہندو سامراج کی ریشہ دوانیوں کا شکار بننے والی مسلمان قوم کو قائد اعظم نے ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا اور اپنی جمہوری تگ و دو کے نتیجے میں ایک ایسی ریاست کی تشکیل کو ممکن بنایا کہ جہاں رنگ و نسل، مذہبی، لسانی یا دیگر کسی تفریق کے بغیر تمام شہریوں کو زندگی گزارنے اور ترقی کے یکساں حقوق و مواقع حاصل ہوں۔
وزیر اعلی نے کہا کہ محنت، سچائی، دیانتداری، بے لوث جدوجہد اور جمہوری اقدار کی پاسداری قائد کی زندگی کے وہ چند زریں اصول ہیں جن کی تقلید کرتے ہوئے ہم ملک و قوم کو درپیش مسائل پر قابو پا سکتے ہیں اور پاکستان کو مزید مستحکم بنا سکتے ہیں۔ میں سمجھتا ہوں کہ بانی پاکستان کی تعلیمات اور ان کے فرمودات کی اہمیت ہر گزرے دن کے ساتھ بڑھتی جا رہی ہے۔ آج سیاسی، معاشی، معاشرتی، مذہبی اور اہم ترین انتظامی امور میں ہمیں جن دشواریوں کا سامنا ہے ان پر عملدرآمد کے ذریعے قابو پا کر ہی اقتصادی استحکام اور ترقی و خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر کیا جا سکتا ہے۔
حاجی گلبر خان نے مزید کہا کہ بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کرنے کا احسن طریقہ یہی ہے کہ ان کے افکار اور تعلیمات پر صدق دل سے عمل کرتے ہوئے مادر وطن کی ترقی و خوشحالی کیلئے کسی بھی قربانی سے گریز نہ کیا جائے۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو قائد اعظم کے نقش قدم پر چلتے ہوئے وطن عزیز کی تعمیر و ترقی کیلئے کام کرنے کی توفیق عطاء فرمائے۔