پنجاب پولیس کی کچے میں کامیاب کارروائی، 2 مغوبی بازیاب - اسلام ٹائمز
0
Sunday 22 Dec 2024 03:09

پنجاب پولیس کی کچے میں کامیاب کارروائی، 2 مغوبی بازیاب

پنجاب پولیس کی کچے میں کامیاب کارروائی، 2 مغوبی بازیاب
اسلام ٹائمز۔ پنجاب پولیس کی رحیم یار خان اسپیشل ٹاسکنگ ٹیم نے کچے میں کامیاب ٹارگٹڈ آپریشن کرتے ہوئے 2 مغویوں کو بحفاظت بازیاب کروا لیا۔ پنجاب پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران 2 مغویوں کو بازیاب کروایا، جن کی شناخت سراج احمد سولنگی اور رحمت اللہ سولنگی کے نام سے ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ کارروائی کے دوران دو طرفہ فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 2 اغوا کاروں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن ڈاکوؤں کی موجودگی کی اطلاعات پر بھونگ سے متصل راجن پور کے سرحدی علاقے میں کیا گیا، پولیس کی مؤثر کارروائی پر اغواکار مغویوں کو چھوڑ کر کچے کی جانب فرار ہوگئے، تاہم پولیس کی جانب سے سرچ آپریشن جاری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آپریشن میں پولیس کو نائٹ ویژن گاگلز، ایلیٹ کمانڈوز سمیت بھاری ہتھیاروں کی مدد حاصل تھی۔ ترجمان پنجاب پولیس نے کہا کہ بازیاب ہونے والے دونوں مغوی چند روز قبل گڈو کشمور روڈ پر چوک سویترا کے قریب سے اغوا کیے گئے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ آپریشن میں اسپیشل ٹاسکنگ ٹیم کی کمانڈ ڈی ایس پی بھونگ، ایس ایچ او احمد پور لمہ رانا رمضان نے کی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے مغویوں کی بحفاظت بازیابی پر ڈی پی او رضوان عمر گوندل اور پولیس کی ٹیم کو شاباش دی۔
خبر کا کوڈ : 1179714
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش