0
Wednesday 18 Dec 2024 22:35

بیت المقدس اور فلسطین کی آزادی کیلئے آواز بلند کرتے رہیں گے، شاداب رضا نقشبندی

بیت المقدس اور فلسطین کی آزادی کیلئے آواز بلند کرتے رہیں گے، شاداب رضا نقشبندی
اسلام ٹائمز۔ سربراہ پاکستان سنی تحریک محمدشاداب رضا نقشبندی نے وفد کے ہمراہ حماس کے پولیٹیکل ترجمان ڈاکٹر خالد القدومی سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے فلسطین میں اسرائیل کی دہشتگردی پر مبنی جارحیت کی شدید مذمت کی  اور فلسطینی عوام کی جرات و بہادری کو سلام پیش کیا۔ وفد میں پاکستان سنی تحریک کے نائب سربراہ بلال عباس قادری، مرکزی رہنما فہیم الدین شیخ، محمد آفتاب قادری شامل تھے۔ اس موقع پر حماس وسطی ایشیاء کے پولیٹیکل ترجمان ڈاکٹر خالد قدومی نے پاکستان سنی تحریک کی بیت المقدس اور فلسطین کے عوام کیلئے چلائی جانیوالی تحریک کو سہراتے ہوئے کہا کہ اسرائیل اخلاقی و سیاسی طور پر ختم ہوچکا ہے، حماس شہادتوں کے سفر کے ساتھ مسجد اقصی کو آزاد فلسطینی عوام کو حق خود ارادیت دلا کر دم لے گی۔

خالد قدومی نے کہا کہ مسجد اقصی اور فلسطین کے دفاع میں عوام میں بہت جذبہ ہے، اسرائیل فلسطین کے بچوں سے بھی خوفزدہ ہے، ہزاروں شہادتوں کے باوجود فلسطین کے عوام کے حوصلے بلند ہیں، غزہ کے عوام اپنے حقوق کے حصول کی جدوجہد سے پیچھے ہٹنے والے نہیں ہیں، اسرائیل زخمی شیر کی طرح اپنی ساخ بچانے کیلئے دنیا کے سارے قوانین سبوتاژ کرکے غزہ کے مظلوم عوام کو نشانہ بنارہا ہے، اسرائیل نے ظلم و بربریت اور انسانی اقدار کی تمام حدیں پار کرکے فروعونیت کے راستے پر گامزن ہے، اسرائیل انسانیت کا سب سے بڑا دشمن جو نہتے غزہ کے معصوم بچوں پر حملے کررہا ہے، اسرائیل نے بات چیت کے تمام راستے بند کرکے جارحیت کا راستہ اپنایا ہے جو کھلم کھلا دہشتگردی اور انسانیت کو ختم کرنے کے مترادف ہے۔

سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد شاداب رضا نقشبندی نے کہا کہ اسرائیل کے فلسطینی عوام پر مظالم کا درد امت مسلمہ محسوس کرتی ہے اور فلسطین کے ساتھ کھڑی ہے، پاکستان سنی تحریک نے بیت المقدس کی آزادی اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کو حق خود ارادیت دلانے کیلئے ملک گیر تحریک چلائی جس سے معاشی طور پر اسرائیل کو دھچکا لگا ہے، اسرائیل کے خلاف امت مسلمہ میں شدید نفرت پائی جاتی ہے، پاکستان کے عوام مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ ہیں۔ شاداب رضا نقشبندی نے کہا کہ پاکستان کا فلسطین کے عوام کے حق میں دوٹوک واضع موقف ہے، ظلم و جبر نہ قابل برداشت عمل ہیں۔

شاداب رضا نقشبندی نے کہا کہ اسرائیل مخالف مارچ کئے امریکن قونصلیٹ میں یادداشت پیش کی اور سیاسی سماجی و عوام طور پر فلسطین کے عوام پر ہونیوالے اسرائیل مظالم کے خلاف دستخطی مہم چلائی تاکہ عوام میں زیادہ سے زیادہ اسرائیل کے مظالم کے خلاف نفرت اور فلسطینی ماؤں بہنوں بچوں بوڑھوں اور جوانوں سے اظہار یکجہتی کیا جاسکے، پاکستان سنی تحریک بیت المقدس اور فلسطین کی کی آزادی اور اسرائیل کے غاصبانہ قبضے کو ختم کرنے کیلئے آواز بلند کرتے رہیں گے، مسلم امہ یکجہتی کے ساتھ فلسطین کے مظلوم عوام کی آواز بن کر اسرائیلی مظالم کو روکنے کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کرے، غزہ میں رہنے والوں پر اسرائیلی مظالم کی انتہا ہوچکی ہے ظالم کو ایک دن ضرور ختم ہونا ہے۔
خبر کا کوڈ : 1179112
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش