اسلام ٹائمز۔ راولپنڈی میں چکری کے قریب کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں فتنہ الخوارج کے 3 دہشتگرد ہلاک اور 2 فرار ہو گئے۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق فورس نے دہشت گردوں کی گرفتاری کیلئے انٹیلیجنس کی بنیاد پر کارروائی کی، اس دوران دہشت گردوں نے سی ٹی ڈی ٹیم پر فائرنگ کر دی۔ ترجمان کے مطابق تینوں دہشتگرد اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گئے۔ ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں سے خودکش جیکٹ، سیفٹی فیوز وائر، رائفلیں، آئی ای ڈی بم، گولیاں، بارودی مواد برآمد کیا گیا۔ سی ٹی ڈی ترجمان کا کہنا تھا کہ سی ٹی ڈی ٹیموں نے چکری کے قریب ناکہ بندی کر لی ہے، فرار دہشت گردوں کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن جاری ہے۔ سی ٹی ڈی نے کہا کہ ہلاک دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے، دہشت گرد راولپنڈی پر بڑے حملے کی منصوبہ بندی مکمل کر چکے تھے۔ واضح رہے کہ نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) نے پی ٹی آئی کے 24 نومبر کے احتجاج میں فتنہ الخوارج کی ممکنہ دہشتگردانہ کارروائیوں کا تھریٹ الرٹ جاری کیا تھا۔ نیکٹا کا کہنا تھا کہ فتنہ الخوارج پی ٹی آئی کے 24 نومبر کے احتجاج میں دہشتگردی کر سکتی ہے۔ نیکٹا کے مطابق فتنہ الخوارج کے دہشتگرد بڑے شہروں میں دہشتگردی کر سکتے ہیں۔