اسلام ٹائمز۔ آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے صدر و سابق وزیراعطم سردار عتیق احمد خان نے پارا چنار میں انسانیت سوز واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی خیبر پختونخواہ ذمہ داران کے خلاف کارروائی کریں، ملک میں فرقہ واریت کی آگ کو پھیلانے کی سازش کی جا رہی ہے، پاراچنار جانے والے راستوں پر سخت سکیورٹی انتظامات کیے جائیں۔ صدر مسلم کانفرنس نے سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نہتے مسافروں پر حملہ انتہائی بزدلانہ اور انسانیت سوز عمل ہے، تخریب کاروں کی بزدلانہ کارروائیوں سے قوم کے حوصلے پست نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں پیش کی ہیں۔صدر مسلم کانفرنس نے کہا کہ ملک میں امن و امان کے قیام کیلئے پاک فوج کا کردار لائق تحسین ہے، پوری کشمیری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔