اسلام ٹائمز۔ ترجمان گلگت بلتستان حکومت فیض اللہ فراق نے کہا ہے کہ شاہراہ قراقرم دو مقامات پر ٹریفک کیلئے بند ہے۔ خیبر پختونخواہ کی حدود کوہستان کے ایک علاقے میں متاثرین ڈیم نے اپنے مطالبات کے حق میں روڈ بند کیا ہے جبکہ دوسری جانب گلگت بلتستان کی حدود ضلع دیامر کی مولاداد پڑی کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے روڈ بند ہے۔ وزیر اعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان کی خصوصی ہدایت پر دیامر کی انتظامیہ اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے اہلکار ہیوی مشینری لیکر موقع پر پہنچ چکے ہیں اور سڑک کی بروقت بحالی کیلئے کام جاری ہے جبکہ بار بار سلائیڈنگ کی وجہ سے بحالی کے کام میں مشکلات کا سامنا ہے، امید ہے گلگت بلتستان اور دیامر سیکشن تک جلد سڑک کی بحالی کو یقینی بنایا جائے گا۔