اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی خیبر پختونخوا (وسطی) کے امیر عبدالواسع نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی باجوڑ کے سیکرٹری جنرل محمد حمید صوفی کو بے دردی سے شہید کردیا گیا، ہم اس ٹارگٹ کلنگ کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ جماعت اسلامی اول روز سے امن کی بات کر رہی ہے، بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ کے خلاف آواز اٹھا رہی ہے۔ قوم کے امن کے ذمہ دار وفاقی اور صوبائی حکومت اور سیکورٹی ادارے ہیں۔ حمید صوفی کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ باجوڑ قومی جرگہ نے جو بھی فیصلہ کیا ہم اس کی مکمل حمایت کریں گے۔ جماعت اسلامی پشاور میں میزبانی کے لئے بھی تیار ہے۔ باجوڑ قومی جرگہ متحد ہوجائے، یہ ہمارا ملک ہے، اس میں ہم امن چاہتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نشتر آباد چوک پشاور میں محمد حمید صوفی کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی ضلع پشاور کے امیر بحر اللہ خان، حاجی محمد اسلم، ہدایت اللہ اور سراج الدین قریشی نے بھی خطاب کیا۔
عبدالواسع نے کہا کہ ہم نے کسی کے خلاف ہتھیار نہیں اٹھائے، ہم امن کے لیے جرگوں کی بات کرتے ہیں، چترال سے لے کر ڈی آئی خان تک اس صوبے کا سب سے بڑا مسئلہ امن ہے۔ ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ رک جانا چاہیے۔ جو لوگ مذاکرات کے ذریعے مسائل کا حل چاہتے ہیں ان کے خلاف ہتھیار نہیں اٹھانا چاہیے۔ حکومت نے خان ولی آفریدی کو جھوٹے مقدمات میں گرفتار کیا ہوا ہے، خان ولی آفریدی امن کی بات کرتے ہیں۔ انہوں کسی کے خلاف ہتھیار نہیں اٹھایا، حکومت پر تنقید آئینی حق ہے۔ پاکستان ان لوگوں کا نہیں ہے جو یہاں حکمرانی کرکے لندن اور امریکہ میں رہائش اختیار کر لیتے ہیں۔ پاکستان ہمارا ہے۔ ہم پاکستانی ہیں۔ ہم اس ملک میں امن لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حمید صوفی کی ٹارگٹ کلنگ کی شدید مذمت کرتے ہیں، جب تک حمید صوفی کے قاتل گرفتار نہیں ہوتے ہماری تحریک جاری رہے گی۔ پشاور میں گورنر ہاؤس اور وزیراعلیٰ ہاؤس پر بھی مظاہرے کریں گے اور ضرورت پڑی تو اسلام آباد کا رخ بھی کریں گے۔
جماعت اسلامی باجوڑ کے سیکرٹری جنرل محمد حمید صوفی کے قتل کے خلاف مردان میں بھی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ ہوا۔ جس کی قیادت جماعت اسلامی ضلع مردان کے امیر حاجی غلام رسول اور سیکرٹری جنرل سعید اختر ایڈووکیٹ نے کی۔ مظاہرین نے حمید صوفی کے قاتلوں کی گرفتاری اور انہیں سزا دینے کا مطالبہ کیا۔ مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ حمید صوفی کو ناحق قتل کیا گیا، ان کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ نوشہرہ میں بھی شوبرا چوک پر احتجاج کیا گیا۔ مظاہرے کی قیادت ضلعی امیر حاجی عنایت الرحمن اور دیگر کر رہے تھے۔ اسی سلسلے میں صوابی کے مین چوک، چارسدہ میں تحصیل بازار کے مین چوک اور مہمند بازار میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے جن کی قیادت وہاں کے ضلعی اور مقامی رہنماؤں نے کی۔