اسلام ٹائمز۔ "اٹلی غزہ کی شہری آبادی کے مصائب کو کم کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش جاری رکھے گا" یہ الفاظ اطالوی وزیر دفاع گیڈو کرستو کی جانب سے غزہ کے عوام کے لئے اٹلی کی امداد سے متعلق بیان کا حصہ ہیں۔
تفصیلات کے مطابق روم نے قبل ازیں گزشتہ سال نومبر میں اعلان کیا تھا کہ وہ غزہ کی پٹی کے ساحلوں پر ایک ''تیرتے ہسپتال'' کے طور پر "ولکن" نامی بحری جہاز بھیجے گا۔ غزہ کو انسانی امداد کے حوالے سے جاری ہونے والے اپنے بیان میں اطالوی وزارت دفاع نے اس بات پر زور دیا کہ روم، غزہ میں ایک فیلڈ میڈیکل سنٹر قائم کرنے کی بھی تیاری کر رہا ہے جس کے ساتھ ہی غزہ کے شہریوں کی مدد اور فلسطینی بچوں کو اطالوی ہسپتالوں میں منتقل کرنے کا امکان بھی فراہم کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ امریکہ و یورپی ممالک کے مہلک ہتھیاروں و اندھی حمایت کے ذریعے غزہ کی پٹی کے خلاف جاری غاصب صیہونی رژیم کے کھلے جنگی جرائم کے آغاز کو 13 ماہ سے زائد کا عرصہ ہو چکا ہے جس کے دوران 44 ہزار سے زائد عام فلسطینی شہری شہید اور لاکھوں زخمی ہوئے ہیں جن میں زیادہ تعداد خواتین و بچوں کی ہے جبکہ عرب و اسلامی ممالک سمیت عالمی برادری، نہ صرف خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے بلکہ سفاک صیہونی رژیم کو روکنے اور قاتل صہیونی حکام کے مواخذے کے بجائے قحط و نسل کشی اور وسیع قتل عام کا شکار مظلوم فلسطینی عوام کو انسانی و طبی امداد کی کھوکھلی تسلیاں دینے میں مصروف ہے!