اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی صوبائی تنظیم 24 نومبر کے احتجاج سے قبل اندرونی اختلافات کا شکار ہوگئی ہے اور پشاور کے اہم پارٹی عہدیداروں نے استعفیٰ دے دیا ہے۔ پی ٹی آئی میں عہدوں کی تقسیم کے معاملے پر اختلافات شدت اختیار کرنے کے بعد پشاور سٹی کے جنرل سیکریٹری اور سینئر نائب صدر مستعفی ہوگئے۔ پشاور سٹی ایسٹ کے جنرل سیکریٹری تقدر علی اور سنئیر نائب صدر ملک اسلم نے استعفیٰ پارٹی قیادت کو بھجوا دیا جبکہ مستعفی عہدیداروں کو منانے کی کوششیں ناکام ہونے پر ان کی جگہ نئے عہدیداروں کی نامزدگی کردی گئی ہے۔ پی ٹی آئی پشاور نے رحمان جلال کو جنرل سیکریٹری، فقیر محمد اور رفیع اللہ کو سینئر نائب صدور اور نیک محمد کو نائب صدر نامزد کردیا ہے۔
خیال رہے کہ پی ٹی آئی نے 24 نومبر کو اسلام آباد میں احتجاج کا اعلان کیا ہے اور اس کے لیے حکمت عملی بھی ترتیب دی گئی ہے۔ پشاور میں اراکین کے اجلاس سے خطاب میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے واضح کردیا تھا کہ جو رکن اسمبلی یا عہدیدار 24 نومبر کو غائب ہوگا، اس کا پی ٹی آئی سے کوئی تعلق نہیں ہوگا۔