اسلام ٹائمز۔ بلوچستان میں بدامنی اور بے روزگاری کے خلاف جماعت اسلامی بلوچستان کی جانب سے کوئٹہ میں احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ اس موقع پر مظاہرین نے حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے عوام کی جان و مال کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین نے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے اپنی ریلی کو احتجاجی مظاہرے میں تبدیل کیا۔ جہاں مقررین نے خطاب کرتے ہوئے بلوچستان کے مختلف اضلاع میں ہونے والے بدامنی کے واقعات کا تذکرہ کرتے ہوئے جلد از جلد امن کی بحالی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت صوبے میں امن قائم کرنے میں ناکام ہو گئی ہے۔ حکومت کی نااہلی کے باعث عوام الناس کی جان اور مال محفوظ نہیں ہے۔ مقررین نے کہا کہ صوبے میں تعلیم یافتہ نوجوانوں کی بڑی تعداد بے روزگار ہے۔ صوبائی حکومت عوام کو نہ روزگار فراہم کر رہی ہے اور نہ ہی تحفظ فراہم کیا جا رہا ہے۔