0
Friday 15 Nov 2024 20:03

پاک فوج نے عمران خان سے مذاکرات سے انکار کردیا ، برطانوی اخبار کا دعویٰ

پاک فوج نے عمران خان سے مذاکرات سے انکار کردیا ، برطانوی اخبار کا دعویٰ
اسلام ٹائمز۔ برطانوی اخبار گارڈین میں شائع رپورٹ میں کہا ہے کہ پاک فوج نے ایک بار پھر پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان سے مذاکرات سے انکار کردیا اور صاف کہہ دیا کہ بانی پی ٹی آئی سے کسی قسم کی ڈیل نہیں ہوگی۔ جیو نیوز کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی جانب سے فوج کی قیادت کے ساتھ بات چیت پر رضا مندی ظاہر کرنے کے بعد سینیئر فوجی ذرائع نے برطانوی جریدے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ فوج بانی پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات یا معاہدہ کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی۔ گارڈین میں شائع رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی چند ماہ سے فوج سے بات چیت کے لیے تیار ہیں اور انہوں نے غیر مشروط مذاکرات کی پیشکش بھی کی جس میں انہوں نے اپنی رہائی کے لیے فوج سے ڈیل کی کوشش کی تھی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ قانونی ٹیم کے ذریعے گارڈین کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ جیل جانے کے بعد فوج سے کوئی بات چیت نہیں ہوئی لیکن وہ ملٹری اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ ڈیل کرنے سے انکار نہیں کریں گے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ فوج کے ساتھ بات چیت اصولوں اور عوام کےمفاد میں ہوگی نہ کہ کسی ذاتی فائدے کیلئے جس سے پاکستان کی جمہوری اقدار کو نقصان پہنچے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ اپنے اصولوں پر سمجھوتا کرنے کے بجائے جیل میں زندگی گزارنا پسند کریں گے۔

اپنے خلاف فوجی عدالت میں مقدمہ چلانے کے معاملے کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ فوجی عدالت میں سویلین پر مقدمہ چلانے کی وجہ صرف یہ ہے کہ کوئی دوسری عدالت مجھے مجرم نہیں ٹھہرائے گی، میرا عزم توڑنے کے لیے مجھے الگ تھلگ رکھا گیا، 15 دن تک کسی سے بھی رابطے سے منع کیا گیا، سیل میں بجلی نہیں تھی، مجھے 24 گھنٹے لاک اپ میں رکھا گیا۔ خیال رہے کہ بانی پی ٹی آئی ماضی میں اپنی حکومت گرانے اور اپنی قید کی ذمے داری اسٹیبلشمنٹ پر عائد کرچکے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 1172763
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش