اسلام ٹائمز۔ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر طارق حمید قرہ نے کہا کہ جموں و کشمیر اسمبلی کی قرارداد میں دفعہ 370 کی بحالی کا مطالبہ شامل نہیں ہے اور نہ ہی اس سے متعلق کوئی ذکر موجود ہے۔ طارق حمید قرہ نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے پہلے ہی اس مسئلے پر اپنا موقف واضح کر دیا تھا جب جموں و کشمیر اسمبلی میں یہ قرارداد منظور کی گئی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے پہلے ہی کہا تھا کہ دفعہ 370 پر سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد اب صرف ریاستی حثیت کا مطالبہ باقی ہے۔
طارق حمید قرہ وسطی ضلع سرینگر کے شالہ ٹینگ حلقہ انتخاب کے ایم ایل اے بھی ہیں نے بی جے پی پر سیاسی فائدے کے لئے حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے واضح موقف کے باوجود بی جے پی انتخابات میں حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کر رہی ہے۔ کانگریس کے صدر ملیکارجن کھڑگے کے حالیہ بیان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے طارق حمید قرہ نے کہا کہ انہوں نے بی جے پی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بتائے کہ کس نے دفعہ 370 کی بحالی کی بات کی ہے۔