0
Friday 15 Nov 2024 20:51

کانگریس میں دفعہ 370 کو بحال کرنے کی بات کسی نے نہیں کی، ملکارجن کھرگے

کانگریس میں دفعہ 370 کو بحال کرنے کی بات کسی نے نہیں کی، ملکارجن کھرگے
اسلام ٹائمز۔ انڈین نیشنل کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے اس دعوے کا جواب دیا جس میں انہوں نے کہا ہے کہ کانگریس جموں و کشمیر میں دفعہ 370 کو بحال کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ ملکارجن کھرگے نے بی جے پی پر الزام لگایا کہ وہ دفعہ 370 کے معاملے کو صرف سماج میں تقسیم پیدا کرنے کے لئے زندہ رکھے ہوئے ہے۔ پونے میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ملکارجن کھرگے نے وزیراعظم نریندر مودی پر کانگریس اور اس کے سینئر لیڈروں سونیا گاندھی اور راہل گاندھی سے بدسلوکی کا الزام لگایا۔ کانگریس کے قومی صدر نے کہا کہ امت شاہ، اپنی انتخابی ریلیوں میں، کانگریس پر جھوٹ پھیلانے کا الزام لگاتے ہیں لیکن وہ خود کہہ رہے ہیں کہ کانگریس جموں و کشمیر میں دفعہ 370 کو واپس لانا چاہتی ہے۔

کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے نے کہا کہ اگر یہ دفعہ 370 کو منسوخ کرنے کی قرارداد پارلیمنٹ میں پاس ہو چکی ہے تو آپ اس مسئلہ کو کیوں زندہ رکھنا چاہتے ہیں۔ ملکارجن کھرگے نے مزید کہا کہ امت شاہ سماج کو تقسیم کرنے کے لئے اس مسئلہ کو زندہ رکھنا چاہتے ہیں، اگر آپ ایسا کہنا چاہتے ہیں تو کشمیر جا کر کہیں، کشمیر میں انتخابات ختم ہو چکے ہیں۔ واضح رہے جموں و کشمیر کو خصوصی درجہ دینے والی آئین کی دفعہ 370 کو اگست 2019ء میں بی جے پی کی زیر قیادت مرکزی حکومت نے منسوخ کر دیا تھا۔

جموں و کشمیر میں کانگریس، نیشنل کانفرنس کے ساتھ منسلک ہے جو حکومت کی سربراہی کررہی ہے۔ گزشتہ ہفتے جموں و کشمیر اسمبلی نے ایک قرارداد منظور کی تھی جس میں مرکز سے کہا گیا تھا کہ وہ سابقہ ​​ریاست کی خصوصی حیثیت کی بحالی کے لئے منتخب نمائندوں سے بات چیت کرے۔ اترپردیش کے وزیراعلٰی یوگی آدتیہ ناتھ کا حوالہ دیتے ہوئے کانگریس صدر نے کہا کہ بی جے پی کے ایک لیڈر "بٹیں گے تو کٹیں گے" کہہ رہے ہیں۔ ملکارجن کھرگے نے اس طرح کے نعرے لگانے پر سوال اٹھایا۔ کانگریس صدر نے زور دے کر کہا کہ کانگریس ملک کو متحد رکھنا چاہتی ہے اور اس کے لئے کوئی بھی قربانی دینے کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں صرف 5 فیصد لوگوں کے پاس 62 فیصد دولت ہے اور 50 فیصد لوگوں کے پاس صرف 3 فیصد دولت ہے۔
خبر کا کوڈ : 1172756
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش