اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ فلسطینی ریاست کا قیام ناگزیر ہے اور دارالحکومت القدس ہونا چاہیئے۔ عرب اسلامک سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اجلاس کے انعقاد پر سعودی قیادت کے اقدامات قابل ستائش ہیں، اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کشی کررہا ہے جس کی مذمت کرتے ہیں، فلسطین کی صورتحال پر ہم سب کا ایک ساتھ بیٹھنا اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں فلسطینی بھائیوں اور برادر اسلامی ممالک کے ساتھ ہے، اسرائیل فلسطینیوں کی امداد کی بندش کو بطور جنگی ہتھیار استعمال کرتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ غزہ پر اسرائیل جارحیت کی تمام حدیں پارکرچکا ہے، فلسطینیوں کیخلاف جرائم نسل کشی ہے، بھوک، افلاس اور قحط نےغزہ میں ڈیرے ڈال رکھے ہیں، اسکولوں، اسپتالوں اور پناہ گزین کیمپوں پر اسرائیل بمباری کررہا ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ اسرائیل کے ہاتھوں عالمی قوانین اور اقدارکی پامالیاں جاری ہیں، غزہ میں انسانی بحران تصور سے بڑھ کر ہے، کئی دہائیوں سے مظالم کے باوجود فلسطینی غیرمتزلزل جدوجہد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل جان بوجھ کر مشرق وسطیٰ کے امن سے کھیل رہا ہے، اسرائیل خطے کے امن کو تباہ کررہا ہے اور مشرقی وسطیٰ میں جنگ کو پھیلانا چاہتا ہے۔
وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ اسرائیل کے خلاف عالمی عدالت انصاف نے بھی فیصلہ دیا ہے اس فیصلے پر فوری عملدرآمد ہونا چاہیئے، غزہ میں فوری جنگ بندی وقت کی ضرورت ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ نہتے فلسطینیوں کو بلاتعطل امداد کی فراہمی یقینی بنانا ہوگی، اسرائیل کے توسیع پسندانہ اقدامات سے عالمی امن کو خطرات لاحق ہیں، جنگی جرائم پر اسرائیل کو کٹہرے میں لاکر احتساب کرنا ہوگا۔ انہوں نے اسرائیل کے ایران کیخلاف اقدامات پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ اسرائیل عالمی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی کررہا ہے۔