0
Monday 11 Nov 2024 20:25

وفاق کے بعد سندھ میں بھی غیر ضروری اسامیاں ختم کرنے کا فیصلہ

وفاق کے بعد سندھ میں بھی غیر ضروری اسامیاں ختم کرنے کا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ وفاق کے بعد اب سندھ میں بھی غیر ضروری اسامیاں ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاق کے بعد سندھ میں بھی غیر ضروری اسامیاں ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے اور چیف سیکریٹری سندھ نے اس حوالے سے متعلقہ حکام کو مراسلے ارسال کر دیئے ہیں۔ چیف سیکریٹری سندھ نے ایڈیشنل چیف سیکریٹریز، سیکریٹریز، ممبر بورڈ آف ریونیو، رجسٹرار سندھ ہائی کورٹ، کمشنرز کو خطوط لکھ کر اس حوالے سے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ چیف سیکریٹری نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ سندھ کابینہ نے 14 ستمبر کو غیر ضروری اسامیاں ختم کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اب اس پر عملدرآمد کا وقت آ گیا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ تمام محکمے غیر ضروری اسامیاں ختم کریں اور جو پوسٹیں عرصہ دراز سے خالی پڑی ہیں، انہیں فوری طور پر ختم کیا جائے۔ چیف سیکریٹری نے کہا کہ مختلف اسباب کے باعث یہ اسامیاں اپنی اصل اہمیت کھو چکی ہیں اور غیر ضروری اسامیوں کے باعث سرکاری خزانے کو بوجھ اٹھانا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مالی مشکلات کے باعث فوری غیر ضروری پوسٹوں کو ختم کیا جائے، ان اسامیوں کے خاتمے سے گورننس بہتر اور مالی مشکلات کم ہونگی۔ چیف سیکریٹری کی جانب سے مراسلے کے ساتھ 11 نکاتی پروفارما بھیجا گیا ہے، جس میں اسامیوں کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 1172009
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش