0
Wednesday 6 Nov 2024 17:20

جامعۃ الکوثر میں نہج البلاغہ اور مقام علماء سیمینار کا انعقاد

جامعۃ الکوثر میں نہج البلاغہ اور مقام علماء سیمینار کا انعقاد
اسلام ٹائمز۔ عالمی سطح پر ترویج و اشاعت دین اسلام بالخصوص فرامین و ارشادات حضرت امیر المومنین امام علی علیہ السلام کو گھر گھر پہنچانے اور نہج البلاغہ کے پاکیزہ نور سے ظلمت کدہ دہر کو جگمگانے کے لئے اپنی تمام تر توانائیوں کے ساتھ سرگرم عمل مرکز افکار اسلامی کے زیراہتمام جامعۃ الکوثر میں ایک عظیم الشان سیمینار منعقد کیا گیا۔ جس میں تلاوت کلام پاک کے بعد اس ادارے کے سربراہ مولانا مقبول حسین علوی نے اپنے افتتاحی خطبہ میں کہا کہ 14 نومبر 2019ء تا امروز اپنے کثیر الاشاعتی ادارے کے زیراہتمام "نہج البلاغہ" کے کم از کم بیس ہزار نسخوں کی اشاعت کو تائید و لطف در مدینۃ العلم قرار دیا۔ انہوں نے قرآن مجید کے بعد نہج البلاغہ کے معجزاتی اوصاف و محاسن کو انسانی اقدار سے محروم معاشرے کی بہتری اور ارتقا کے لئے لازمی قرار دیا۔

انہوں نے اپنے ادارے کے زیراہتمام لکھنو، آستان قدس رضوی مشہد مقدس اور امریکہ سے نہج البلاغہ کی اشاعت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس اشاعتی سفر کو شد و مد سے جاری رکھنے کے عزم بالجزم کا اظہار بھی کیا۔ انہوں نے علامہ شیخ محسن علی نجفی مرحوم کی دینی علمی و سماجی خدمات بالخصوص نہج البلاغہ کے اشاعتی عمل میں اپنے لئے ان کو ایک تشویق کنندہ ہستی قرار دیا۔ سیمینار سے سربراہ امام خمینی ٹرسٹ اور نامور قومی و علمی شخصیت علامہ سید افتخار نقوی نے تاریخی حوالوں کے ساتھ شیخ محسن نجفی کو وطن پاکستان میں ہر قومی لیڈر کا پشت بان اور ہر کامیاب قومی جدوجہد کا مرکز و محور قرار دیا۔ وکیل مرجعیت علامہ شیخ انور علی نجفی نے اپنے خطاب میں مرکز افکار اسلامی کے اشاعتی سلسلے کو سراہا اور اسے وقت کی اہم ترین ضرورت قرار دیا۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ دور حاضر میں اگر کسی کو عشق علیؑ سیکھنا ہے تو وہ شیخ محسن نجفی کی روداد زندگی سے سیکھے کہ جن کے نزدیک نہج البلاغہ علی علیہ السلام کے معجزات میں سے ایک تعلیمی معجزہ ہے۔ علامہ شیخ انور علی نجفی نے گلو گیر لہجے میں اپنے والد گرامی کی اس حسرت کا بھی کیا کہ صدیاں گزر جانے کے باوجود علی آج بھی مظلوم ہیں اور ہم آج بھی اپنے مولا کا حق نہیں کر پا رہے ہیں۔ سیمینار کے دوران ماضی میں منعقدہ نہج البلاغہ کانفرسز سے شیخ محسن نجفی کے ایمان افروز خطابات کی ڈاکومنٹری بھی دکھائی گئی، جسے دیکھ کر ہر آنکھ اشکبار ہو گئی جبکہ مولانا انیس الحسنین نے نظامت کے فرائض انجام دئیے۔  واضح رہے کہ سیمینار سے قبل مولانا مقبول حسین علوی نے جامعہ جعفریہ جنڈ اور دیگر مہمانان گرامی کے ہمراہ شیخ محسن نجفی کی مرقد پر حاضری دی۔۔
خبر کا کوڈ : 1171106
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش