0
Tuesday 5 Nov 2024 12:37

کشمیری کل یوم شہدائے جموں منائیں گے

کشمیری کل یوم شہدائے جموں منائیں گے
اسلام ٹائمز۔ کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری کل یوم شہدائے جموں اس تجدید عہد کے ساتھ منائیں گے کہ حق خودارادیت کے حصول تک شہداء کے مشن کو جاری رکھا جائے گا۔ذرائع کے مطابق مہاراجہ ہری سنگھ کی فورسز، بھارتی فوج اور ہندوتوا بلوائیوں نے جموں کے مختلف علاقوں میں لاکھوں کشمیریوں کا اس وقت قتل عام کیا جب وہ نومبر 1947ء کے پہلے ہفتے میں پاکستان کی طرف ہجرت کر رہے تھے۔ کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں یوم شہداء جموں کو منانے کیلئے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ شہدائے جموں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے آزاد جموں و کشمیر اور پاکستان بھر میں بھارت مخالف مظاہرے، سیمینارز اور سمپوزیم منعقد کیے جائیں گے۔کشمیری شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے مختلف سماجی، سیاسی، مذہبی اور عوامی تنظیموں کی جانب سے خصوصی دعائیہ تقاریب کا انعقاد کیا جائے گا۔

ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں غلام محمد خان سوپوری، زمرودہ حبیب، سید بشیر اندرابی، خواجہ فردوس، فریدہ بہن جی، عبدالصمد انقلابی، محمد یوسف نقاش، فیاض حسین جعفری، سید سبط شبیر قمی، محمد حسیب وانی، مولانا مصعب ندوی اور ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے شہدائے جموں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری طویل عرصے سے بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں اور وہ دن دور نہیں جب جموں و کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع ہو گا۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ نہتے کشمیریوں پر مظالم بند کرانے اور تنازعہ کشمیر کو کشمیریوں کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حل کرنے کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائیں۔ حریت رہنمائوں نے کہا کہ جموں میں قتل عام مسلمانوں کی منظم نسل کشی کا آغاز تھا جو مسلسل جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس قتل عام کا مقصد خطے کی آبادی کا تناسب تبدیل کرنا تھا۔
خبر کا کوڈ : 1170812
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش