اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا کہنا ہے کہ اس حقیقت سے کسی کو انکار نہیں ہونا چاہیئے کہ جموں و کشمیر ابھی یونین ٹریٹری ہی ہے۔انہوں نے کہا کہ جب جموں و کشمیر دوبارہ ریاست بن جائے گی تو ہم اس کی بھی یوم تاسیس منائیں گے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے ان باتوں کا اظہار آج شیر کشمیر انٹرنیشنل کنوکیشن سینٹر سرینگر میں یونین ٹریٹری فائونڈیشن ڈے کی مناسبت سے منعقدہ ایک تقریب کے حاشیے پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔ نیشنل کانفرنس کے اس تقریب میں شرکت نہ کرنے کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا کہ ہر کوئی نہیں آسکتا ہے لیکن مجھے لگتا ہے کہ جموں و کشمیر ابھی یونین ٹریٹری ہی ہے یہ حقیقت ہم سب کو ماننی چاہیئے۔
منوج سنہا نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم اور وزیر داخلہ نے وعدہ کیا ہے کہ پہلے اسمبلی حلقوں کی سر نو حدبندی پھر الیکشن اور اس کے بعد مناسب وقت پر ریاستی درجہ بحال کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم جب یوگا ڈے پر یہاں آئے تھے تو اس وقت بھی انہوں نے کہا تھا کہ چناؤ کے بعد جموں و کشمیر کے ریاستی درجے کو مناسب وقت پر بحال کیا جائے گا۔ منوج سنہا نے کہا کہ جموں و کشمیر میں گذشتہ پانچ برسوں سے یونین ٹریٹری فائونڈیشن ڈے منایا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر جب دوبارہ ریاست بنے گی تو اس وقت ہم اس کا بھی یوم تاسیس منائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کی قیادت میں کشمیر میں گذشتہ پانچ برسوں کے دوران امن و آشتی اور ترقی کا دور رہا ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموں و کشمیر میں جمہوریت کا تہوار الیکشن پچھلے دنوں اختتام پذیر ہوئے جن میں لوگوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔