اسلام ٹائمز۔ غاصب و سفاک صیہونی رژیم کی اولین حامی برطانوی حکومت کی وزارت خارجہ نے مقبوضہ فلسطین میں فلسطینی پناہ گزینوں کیلئے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی-انروا (UNRWA) کی سرگرمیوں کی بندش پر مبنی غاصب و دہشتگرد صیہونی رژیم کے اقدام کو بظاہر "غلط" قرار دیا ہے۔
اس حوالے سے جاری ہونے والے برطانوی وزارت خارجہ کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ انروا ہی وہ واحد ادارہ ہے کہ جو غزہ میں مطلوبہ امداد فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ عرب چینل الجزیرہ کے مطابق برطانوی وزارت خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ انروا کی سرگرمیوں پر پابندی کا قانون غلط ہے اور اسرائیل کو اس بات کو یقینی بنانا چاہیئے کہ یہ ایجنسی اپنا کام جاری رکھ سکے۔
ساتھ ہی، لندن نے یہ اعلان بھی کیا کہ (یورپی مثلث) فرانس، جرمنی و برطانیہ کی وزارت ہائے خارجہ نے فلسطینیوں کے لئے بینکنگ خدمات میں توسیع کی درخواست بھی کی ہے۔ اس سلسلے میں برطانیہ نے مزید کہا کہ اسرائیل و فلسطین کے درمیان بینکنگ خدمات کی تجدید نہ کرنا فلسطینی معیشت کے لئے تباہ کن ثابت ہو گا۔
واضح رہے کہ غیرقانونی و غاصب صیہونی رژیم کے بانی ملک برطانیہ نے نام نہاد فلسطینی اتھارٹی (جسے آج تک عالمی سطح پر آزاد ریاست کا درجہ تک نہیں مل سکا) کے بینکنگ سسٹم کو مکمل طور پر غاصب اسرائیلی رژیم کے زیرنگیں قرار دے رکھا ہے جس کے باعث اندرونی بجٹ، کسٹم ڈیوٹی و ملازمین کی تنخواہوں سمیت حکومتی و غیر حکومتی معاملات سے متعلق فلسطین کی تمام بینکنگ سرگرمیوں و عالمی لین دین کا انتظام و انصرام تل ابیب ہی کے ہاتھ میں ہے۔