اسلام ٹائمز۔ لاہور میں نواسہ رسول(ص)، جگر گوشہ علیؑ و بتولؑ حضرت امام حسین علیہ السلام و شہدائے کربلا کے چہلم کا شبیہ تعزیہ کا مرکزی جلوس الف شاہ حویلی دہلی گیٹ سے برآمد ہوا اور اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا نماز مغرب کے بعد کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا۔ جلوس سے قبل حویلی الف شاہ میں مجلس عزا برپا کی گئی۔ مجلس سے علامہ شبیہ حیدر شیرازی نے خطاب کیا اور فضائل و مصائب شہدائے کربلا بیان کیے۔ جلوس میں لاکھوں کی تعداد میں عزاداروں نے شرکت کی۔ جلوس کے شرکاء تمام راستے نوحہ خوانی اور ماتم کرتے رہے۔
جلوس الف شاہ کی حویلی سے مختلف راستوں سے ہوتا ہوا چوک رنگ محل پہنچا، جہاں عزاداروں نے نماز ظہرین ادا کی۔ اس کے بعد پانی والا تالاب چوک، ترنم چوک، تھانہ ٹبہ سٹی و دیگر راستوں سے ہوتا ہوا چوک بھاٹی گیٹ پہنچا۔ عزاداران نے شبیہ تعزیہ و شبیہہ علم غازی عباس کی زیارت کی۔ جلوس کے مرکزی راستوں پر عزاداروں کیلئے خصوصی لنگر اور سبیلوں کا اہتمام کیا گیا تھا۔ جلوس کی سکیورٹی کیلئے پولیس اور دیگر فورسز کی جانب سے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ بلند عمارتوں پر سناپرز تعینات تھے جبکہ لیڈی پولیس اہلکاروں کو بھی خواتین کی تلاشی کیلئے تعینات کیا گیا تھا۔