اسلام ٹائمز۔ سندھ کے صوبائی وزیر برائے توانائی ناصر حسین شاہ نے ایم کیو ایم رہنما خالد مقبول صدیقی کے بیان پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ خالد مقبول صدیقی کا جناح اسپتال سے متعلق بیان مضحکہ خیز ہے، خالد مقبول کہتے ہیں کہ کراچی ٹیکس اور چندا دونوں دے رہا ہے، قربانی کی کھالوں کی شکل میں جو چندا ایم کیو ایم نے لیا اسے بھی یاد رکھیں۔ ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ ہمارے اسپتالوں کا چندا عوام کی بہتری پر خرچ ہو رہا ہے، آپ نے کہاں خرچ کیا، سندھ حکومت نے صحت کے شعبے میں جو کام کیا اُس سے پورا ملک آشنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آپ تو پی پی پی کے ہر اچھےکام کے منکر ہیں، کراچی ہمارے کام کو تسلیم کرتا ہے، ایم کیو ایم کو سمجھنا ہوگا کہ کراچی کی ٹھیکیداری اب اُن کی نہیں رہی۔
ناصرحسین شاہ نے مزید کہا کہ جناح اسپتال میں اگر مخیر حضرات عطیہ دیتے ہیں تو یہ سندھ حکومت پر اعتماد ہے، سندھ حکومت سالانہ 30 ارب روپے جناح، این آئی سی وی ڈی اور این آئی سی ایچ پر خرچ کرتی ہے، آپ کے ماننے یا نہ ماننے سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ وزیرِ توانائی سندھ ناصر حسین شاہ نے ایم کیو ایم پاکستان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایم کیو ایم صرف و صرف بیان بازی پر توانائی خرچ کرتی ہے، ہم عوام کی خدمت پر توانائی اور پیسہ خرچ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سوال یہ کہ کراچی کی رونقیں، ادبی محفلیں اور تعلیمی سرگرمیاں کس نے چھینیں، شہر کراچی نے بڑا خون خرابہ اور قتل و غارت دیکھی ہے۔