0
Friday 23 Aug 2024 17:10

کوئٹہ، جلوس اربعین کے انتظامات اور سیکیورٹی سے متعلق ضلعی انتظامیہ کا اجلاس

کوئٹہ، جلوس اربعین کے انتظامات اور سیکیورٹی سے متعلق ضلعی انتظامیہ کا اجلاس
اسلام ٹائمز۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں اربعین کے جلوس کے انتظامات کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر کوئٹہ لیفٹیننٹ (ر) سعد بن اسد کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس میں چہلم کے جلوس کی سیکیورٹی اور دیگر انتظامات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں بلوچستان شیعہ کانفرنس اور انجمن تاجران کے نمائندوں، ایف سی سے میجر حیدر، ایس پی سیکیورٹی نعیم اچکزی، اسسٹنٹ کمشنر (سٹی) عبداللہ بن عارف، اسسٹنٹ کمشنر(صدر) حمزہ انجم، اسسٹنٹ کمشنر (کچلاک) خالد شمس، اسسٹنٹ کمشنر (سریاب) ماریہ شمعون، محکمہ واسا، کیسکو، میٹروپولیٹن، پی ڈی ایم اے، ڈی ایچ او کوئٹہ و دیگر نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر چہلم کے جلوس کی سیکیورٹی و دیگر انتظامات کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گیے۔ ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو مختلف روٹس پر ڈیوٹیاں سونپ دی۔ محکمہ واسا کو چہلم کے دن پانی اور واٹر ٹینکر مہیا کرنے کی ہدایت کی گئی۔ محکمہ کیسکو چہلم کے دن اور رات مکمل بجلی فراہم کرے گا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کوئٹہ لیفٹیننٹ (ر) سعد بن اسد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چہلم جلوس کے منتظمین کے ساتھ مل کر سیکیورٹی پلان پر عملدرآمد کیا جائے۔ چہلم جلوس کے سلسلے میں مجالس و دیگر حساس مقامات پر ڈسٹرکٹ پولیس کے علاوہ ایف سی اور دیگر سیکیورٹی فورسز کے اہلکار نگرانی کے لئے متعین کئے جائیں گے۔ سیکیورٹی پلان کے تحت شہر کے خارجی اور داخلی راستوں پر چیکنگ اور سیکیورٹی کا نظام مضبوط کیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے کہا کہ امن و امان کو برقرار رکھنے کے لئے مجالس کے مقامات پر فورس کے جوانوں سمیت نصب سی سی ٹی کیمروں کی مدد سے کھڑی نگرانی کی جائے گی۔ شہر کے تمام مکاتب فکر کے افراد شہر کے پرامن حالات کو قائم رکھنے اور یگانیت، اخوت و بھائی چارہ کے علاوہ اتحاد بین المسلمین کے لئے نہ صرف خواہاں ہیں بلکہ عملی مظاہرہ کرتے ہوئے اپنا اہم کردار ادا کریں، تاکہ پرامن ماحول میں چہلم مکمل کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ تمام روٹس کی صفائی ستھرائی کے عمل کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے انجمن تاجران سے بھرپور تعاون کی اپیل کی۔ انجمن تاجران کے نمائندوں نے چہلم سے ایک دن پہلے روٹس کے تمام دکانیں سیل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
خبر کا کوڈ : 1155747
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش