اسلام ٹائمز۔ یمنی افواج نے چند روز قبل ہی بحیرہ احمر میں امریکی طیارہ بردار بحری جہاز آئزن ہاور کو نشانہ بنانے کا اعلان کیا تھا تاہم اس کے جواب میں امریکی حکام نے خاموشی اختیار کرتے ہوئے صرف یہی کہا کہ ایسا کچھ نہیں ہوا!
اس حوالے سے سوشل نیٹورکس کے صارفین نے ایسی تصاویر شائع کی ہیں کہ جن کے بارے کہا جاتا ہے کہ انہیں چینی سیٹلائٹس نے ریکارڈ کیا ہے کہ جن میں طیارہ بردار امریکی بحری جہاز آئزن ہاور پر موجود طیاروں کی لینڈنگ سٹرپس کے درمیان ایک بڑا سوراخ نظر آ رہا ہے۔
شائع شدہ خبروں کے مطابق یہ طیارہ بردار بحری جہاز اس وقت سعودی عرب کی بندرگاہ پر لنگرانداز ہے اور امریکی فوج اسے پہنچنے والے نقصان کا اندازہ لگا رہی ہیں۔
دوسری جانب کچھ افراد نے اس خبر کی صداقت پر شک کا اظہار کرتے ہوئے اس کی تصدیق کو مزید تحقیق کے ساتھ مشروط کیا ہے۔
بہرحال، مذکورہ تصاویر کے مطابق ایسا لگتا ہے کہ مذکورہ امریکی بحری جہاز ایک لمبے عرصے تک خدمات کی فراہمی سے قاصر رہے گا کیونکہ اس کا مرکزی حصہ یعنی رن وے ہی تباہ ہو چکی ہے اور یہ بھی واضح نہیں کہ اس کی مرمت میں کتنا وقت لگے گا۔
ماہرین کے مطابق ایسا لگتا ہے کہ پینٹاگون اب بحیرہ احمر کے علاقے میں اپنے ایسے کسی بحری جہاز کی موجودگی کی اجازت ہرگز نہیں دے گا!