اسلام ٹائمز۔ انسانی حقوق اور خواتین کو بااختیار بنانے کے بارے میں وزیراعظم پاکستان کی سابق معاون خصوصی مشعال حسین ملک نے کہا ہے کہ بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کو عملی طور پر ایک جہنم اور قتل گاہ میں تبدیل کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق غیر قانونی طور پر نظربند حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال حسین ملک نے اسلام آباد سے جاری ایک بیان میں افسوس کا اظہار کیا کہ اختلافی آوازوں کو دبانے کے لیے مقبوضہ کشمیر میں 10لاکھ کے قریب سفاک بھارتی فوجی تعینات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تنازعہ کشمیر نہ صرف پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کی بنیادی وجہ ہے بلکہ خطے میں مسلسل عدم استحکام کا باعث بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت گزشتہ سات دہائیوں سے اختلافی آوازوں کو دبانے کے لیے تمام ظالمانہ اور جابرانہ ہتھکنڈے اور ریاستی دہشت گردی کا استعمال کر رہا ہے لیکن وہ اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو گا۔ مشعال ملک نے کہا کہ ہر قسم کی ریاستی دہشت گردی کے باوجود قابض بھارتی حکام کشمیری عوام کے عزم کو توڑنے میں ناکام رہے اور وہ تحریک آزادی کو ہر قیمت پر اس کے منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔انہوں نے تنازعہ کشمیر کو حل کرنے کے وعدے کو پورا نہ کرنے پر بین الاقوامی برادری اور اقوام متحدہ کے اداروں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔