اسلام ٹائمز۔ بلوچستان کے سیاسی شخصیات اور مذہبی رہنماؤں نے کوئٹہ میں منعقد ہونے والے تقدس القدس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسرائیل کی جانب سے غزہ میں جاری جارحیت کی مذمت کی ہے۔ کانفرنس کا انعقاد کوئٹہ پریس کلب میں ہوا۔ جس میں معروف عالم دین علامہ محمد امین شہیدی، امام جمعہ کوئٹہ علامہ سید ہاشم موسوی، سابق سینیٹر نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی، جماعت اسلامی کے قاری عطاء الرحمان، بلوچستان شیعہ کانفرنس کے صدر حاجی محمد جواد رفیعی، حاجی ظفر صدیق، سردار زین العابدین خلجی اور دیگر نے شریک کی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے غزہ میں جاری اسرائیلی بربریت کی مذمت کی اور شرکاء کو صورتحال سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین کے مظلوم عوام کو اس وقت دنیا کی حمایت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مسلم ممالک کے سربراہان، انسانی حقوق کے اداروں، عالمی قوتوں سے غزہ میں جاری مظالم روکنے میں کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔