متعلقہ فائیلیںخصوصی نیوز بلیٹن کے موضوعات:
1۔ سانحہ 9 مئی کیسز کا پہلا فیصلہ، 51 ملزمان کو 5، 5 سال قید کا حکم سنا دیا گیا، ملزمان میں گوجرانوالہ سے پی ٹی آئی کے نومنتخب ایم پی اے کلیم اللہ خان بھی شامل ہیں۔ ملزمان کو سڑک بلاک کرنے، املاک کو نقصان پہنچانے، ہجوم جمع کرنے سمیت دیگر دفعات میں بھی سزا سنائی گئی۔ اس موقع پر سینٹرل جیل کی سکیورٹی ہائی الرٹ رہی اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی۔ حساس تنصیبات پر حملے، جلاو گھیرائو کا مقدمہ تین ماہ سے جیل میں چل رہا تھا۔ نو مئی کو پی ٹی آئی کے کارکنوں کی جانب سے احتجاج کے دوران حساس تنصیبات پر حملے کئے گئے تھے، مظاہرین کے حملے میں ایک ایس پی سمیت دس پولیس اہلکار زخمی اور ایک شہری قتل ہوا تھا جبکہ چار گاڑیاں بھی توڑی گئی تھیں۔
2۔ اسلامی مزاحمتی تحریک حماس اور جہاد اسلامی کے سربراہان کی تہران میں ملاقات، حماس نے بتایا کہ اس موقع پر دونوں رہنماوں نے غزہ اور خطے کی صورت حال کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ دونوں شخصیات نے اس امر کی جانب زور دیا کہ جارحیت کے خاتمے، قابض فوجوں کے انخلا، مہاجرین کی اپنے گھروں میں واپسی اور غزہ میں انسانی امداد کی ترسیل تک مذاکرات کامیاب نہیں ہوسکتے۔ حماس و جہاد اسلامی کے ان سربراہان نے فلسطینی عوام و مقاومت کے حوالے سے اسلامی جمہوریہ ایران کے ٹھوس موقف اور اسٹریٹجک حمایت کو سراہا۔ انہوں نے امت مسلمہ سے مطالبہ کیا کہ قابض صیہونی رژیم سے مقابلے کے لئے تمام وسائل کو بروئے کار لائیں۔
3۔ روس میں بم دھماکے کی بڑی سازش ناکام، 3 مشتبہ دہشتگرد گرفتار کرلیے گئے، روسی میڈیا پر جاری ویڈیو میں تین مشتبہ افراد کو دکھایا گیا ہے، جو استاورپول (Stavropol) علاقے کے پرہجوم حصے میں بم دھماکہ کرنے کی تیاری کر رہے تھے۔ مشتبہ افراد میں سے ایک نے بم میں استعمال کرنے کے لیے ایک کلو گرام کیلیں خریدی تھیں۔ خفیہ سروس ایف ایس بی کی جانب سے نگرانی کی ویڈیو میں ان افراد کو گھر جاتے ہوئے دکھایا گیا ہے، جہاں چھاپہ مار کر آئی ای ڈی، کیمیائی مواد اور تباہی پھیلانے والے مادے قبضے میں لے لیے گئے اور ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
4۔ غزہ میں حماس سے جھڑپوں میں اسرائیلی کمانڈو ہلاک، 16 فوجی زخمی ہوگئے، اسرائیلی میڈیا کے مطابق حماس نے خان یونس میں ناصر ہسپتال کے قریب ایگوز یونٹ کے کیمپ پر راکٹ فائر کیا, جس سے کمانڈو ایلون کدریاشوف ہلاک ہوگیا جبکہ 16 فوجیوں زخمی ہوئے, جن میں 6 اہلکار شدید زخمی ہیں, جن کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ حماس کے ایک کارکن نے فوجی کیمپ کے طور پر استعمال ہونے والی عمارت کو راکٹ سے نشانہ بنایا۔ اس ہلاکت سے حماس کے خلاف اسرائیل کی زمینی کارروائی میں ہلاک اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 254 ہوگئی ہے۔ حماس نے واقعے کی فوٹیج بھی شائع کی، جس میں اس کے مجاہد کو عمارت پر آر پی جی لانچ کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے, جہاں ایگوز کے دستے تعینات ہیں۔
5۔ بھارت کی جیل میں مسلمان سیاستدان کی موت، اہلخانہ کا زہر دینے کا شبہ، بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اترپردیش کی جیل میں قید مسلمان سیاستدان مختار انصاری انتقال کرگئے۔ حکام کا دعویٰ ہے کہ مختار انصاری کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی۔ مختار انصاری کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ انہیں سلو پوائزن دیا گیا، جس کے نتیجے میں ان کی موت واقع ہوئی۔ سرکاری پوسٹ مارٹم میں بھی موت کی وجہ دل کے دورے کو قرار دے دیا گیا۔ مختار انصاری کو ان کے آبائی علاقے غازی پور میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ ان کے جنازے میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ مختار انصاری غازی پور سے رکن پارلیمنٹ بھی تھے۔
6۔ روس کانسرٹ ہال حملے میں ملوث تاجکستان سے مزید 9 افراد گرفتار، تاجک سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ تاجکستان نے 9 افراد کو حراست میں لیا ہے، جن کا تعلق ماسکو کانسرٹ ہال میں ہونے والی فائرنگ اور اس کی ذمہ داری قبول کرنے والے عسکریت پسند گروپ سے تھا۔ اس سے قبل روسی حکام نے 11 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا تھا، جن میں سے 4 افراد کا تعلق تاجکستان سے ہے۔ دیگر میں سے کچھ کا تعلق وسط ایشیائی ملک سے ہے۔ تاجکستان سے تعلق رکھنے والے 4 مشتبہ ملزمان کو شدید زخمی حالت میں عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔
7۔ امریکا اسرائیل کو 2 ہزار پونڈ وزنی بم سمیت دیگر اسلحہ فراہم کرے گا، امریکی میڈیا کے مطابق بائیڈن حکومت نے 2 ہزار پونڈ وزنی بموں سمیت دیگر اسلحہ اسرائیل کو بھیجنے کی منظوری دے دی۔ اسرائیل کو اربوں ڈالر کا اسلحہ فراہم کرنے کی منظوری خاموشی سے دی گئی۔ معاہدے کے تحت امریکا اسرائیل کو 2 ہزار پونڈ وزنی 18 سو سے زائد بم اور 500 پونڈ وزنی 500 بم فراہم کرے گا۔ اسرائیل کو جدید ترین جنگی طیارے بھی دیئے جائیں گے۔ رپورٹ کے مطابق 2 ہزار پونڈ وزنی بم پورے شہر کو تباہ کرنے اور زمین پر 40 فٹ گہرا گڑھا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ امریکا اپنے دیرینہ اتحادی اسرائیل کو 3.8 ارب ڈالر سالانہ فوجی امداد دیتا ہے۔
تصویری رپورٹ: جس کا عنوان ہے کراچی میں رہبر معظم سید علی خامنہ ای کی کتاب رمضان المبارک کی برکتوں کے سائے میں کی تقریب رونمائی