اسلام ٹائمز۔ وزیر ترقی و نسواں گلگت بلتستان دلشاد بانو نے سابق رکن اسمبلی رانی عتیقہ غظنفر کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ رانی عتیقہ علاقائی تفرقہ پھیلانے سے اجتناب کریں، میں ہنزہ کی بیٹی ہوں اور ہنزہ کے ساتھ میرا دل دھڑکتا ہے اور پورا گلگت بلتستان میرا ہے، جتنا کام میں نے ہنزہ کے لئے اور باالخصوص خواتین کی ترقی کے لئے کیا اتنا آپ صرف سوچ سکتی ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہنزہ میں اضافی نشست کے حصول میں رکاوٹ بننے کی ذمہ دار رانی عتیقہ ہے جنہوں نے مسلم لیگ نون کے وفاقی دور حکومت میں ہنزہ کے لئے اضافی نشست کے معاملے کو سبوتاژ کیا اور آج اپنی ہمدردیاں سمیٹنے کے لئے من گھڑت اور تفرقہ بازی پر مشتمل بیانات دے رہی ہیں جس کی شدید مذمت کرتی ہوں۔
صوبائی وزیر دلشاد بانو نے کہا کہ آج ہنزہ جن مسائل کا سامنا کر رہا ہے اس کی ذمہ دار بھی رانی عتیقہ ہے۔ ایک ہی گھر میں تین تین حکومتی عہدے رکھنے کے باوجود ہنزہ کی ترقی کے لئے آپ نے کیا ہے، عوام آپ سے احتساب چاہتے ہیں کہ آپ صاحبان نے ہنزہ کے نام پر آنے والے ترقیاتی فنڈز کو کہاں خرچ کیا ہے اور کونسے منصوبے آپ نے دیئے وہ بھی قوم کے سامنے رکھیں۔ اگر آپ اپنی سوچ کو وسیع کرتے ہوئے ہنزہ کی ترقی کے لئے کام کرتیں تو آج ہنزہ اتنے مسائل کا شکار نہ ہوتا کیونکہ آپ لوگ نہیں چاہتے ہیں کہ ہنزہ کے عوام ترقی کریں۔ اسی منفی ذہنیت کی سوچ کار فرما تھی جس کی بدولت آج تک ہنزہ میں پانی اور بجلی کے مسائل سے لیکر دیگر عوامی ایشوز حل نہیں ہوئے۔