0
Wednesday 8 Jan 2025 00:29

عرب امارات نے پاکستان کے دو ارب ڈالر رول اور کرنے کا فیصلہ کیا ہے، وزیر اعظم

عرب امارات نے پاکستان کے دو ارب ڈالر رول اور کرنے کا فیصلہ کیا ہے، وزیر اعظم
اسلام ٹائمز۔ وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے پاکستان کی جانب سے دو ارب امریکی ڈالرز کی ادائیگی جو کہ اس سال جنوری میں واجب الادا تھی کو مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔یہ بات انہوں نے منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کو بتائی۔ وزیراعظم نے بتایا کہ پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے یو اے ای کے صدر محمد بن زید آلنہیان نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ دریں اثناء وفاقی کابینہ نے ہوا بازی ڈویژن کی سفارش پر بین الاقوامی ائیر لائین فلائی دبئی (Fly Dubai) کی لاہور اور اسلام آباد سے دوبئی اور دوبئی سے لاہور اور اسلام آباد پروازوں کی ہفتہ وار فریکوئینسیز کے عارضی اجازت نامے میں 4 جنوری 2025ء سے 3 فروری 2025ء تک توسیع کی منظوری دے دی۔
 
وفاقی کابینہ کو وزارت بحری امور کی جانب سے 11 وفاقی وزارتوں/ڈویژنز کی گوادر بندرگاہ سے مارچ 2024ء سے اب تک کے دوران پبلک سیکٹر درآمدات و برآمدات پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ وزارتوں کی رپورٹس کو بریفنگ کا حصہ بنا کر ایک جامع رپورٹ پیش کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ درآمدات و برآمدات میں کسی بھی قسم کی تخصیص کے بغیر پبلک سیکٹر کی تمام درآمدات و برآمدات کا 60 فیصد حصہ گوادر بندرگاہ سے کیا جائے۔ وفاقی کابینہ کو وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشنز کی جانب سے وفاقی وزارتوں اور ڈویژنز میں ای آفس کے نفاذ کے حوالے سے پیشرفت پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پہلی مرتبہ حکومت کی جانب سے ای آفس کو اس بڑے پیمانے پر نافذ کیا جا رہا ہے۔
 
اجلاس کو بتایا گیا کہ یکم جنوری 2025ء سے تمام وفاقی وزارتوں اور ڈویژنز کے مابین رابطے کے لیے کاغذ کا استعمال ترک کر دیا گیا اور تمام فائلز موومنٹ اور دیگر خط و کتابت صرف ای آفس استعمال کیا جا رہا ہے۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ 21 وزارتوں اور ڈویژنز میں ای آفس کا نفاذ سو فیصد کر دیا گیا ہے۔ ای آفس کے نفاذ سے نہ صرف وقت کی بچت ہو گی بلکہ اسٹیشنری اور پیٹرول کی مد میں قومی خزانے کو فائدہ بھی پہنچے گا۔ ای آفس کے نفاذ سے وزیر اعظم آفس میں سمری کی پراسیسنگ کا دورانیہ اب زیادہ سے زیادہ صرف تین دن تک محیط ہو چکا ہے۔وفاقی کابینہ نے کابینہ ڈویژن کی سفارش پر سکولوں اور کالجوں کے لیے ری فربشڈ کروم بکس کی خریداری اور حصول کو پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی آرڈینینس کے سیکشن 21ـ اے کے تحت استثنیٰ دے دیا۔ 
 
وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ ان کروم بکس کی خریداری کا تھرڈ پارٹی آڈٹ لازمی کروایا جائے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ لوئر کرم میں امن معاہدے کے بعد ڈپٹی کمشنر پر حملہ افسوس ناک ہے، حملے کر کے امن معاہدے کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈپٹی کمشنر کا علاج جاری ہے، تمام زخمیوں کی صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں۔ اس کے علاوہ وفاقی کابینہ کو بتایا گیا کہ حج 2025ء کے انتظامات موجودہ 46 منظمین کریں گے اور نئی حج پالیسی بنائی جانے کی سفارش بھی کی گئی۔ کابینہ نے ہدایت کی کہ پرائیویٹ حج آپریٹرز کے حوالے سے تمام کورٹ کیسز کو منتقی انجام تک پہنچانے کے حوالے سے اقدامات اٹھائے جائیں۔
خبر کا کوڈ : 1183023
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش