اسلام ٹائمز۔ مصر کے فارن افئیر نے اعلان کیا کہ گزشتہ شب وزیر خارجہ "بدر عبد العاطی" کی اپنے امریکی ہم منصب "انٹونی بلنکن" سے ٹیلیفونک گفتگو ہوئی۔ جس میں دونوں وزرائے خارجہ نے غزہ اور شام کی حالیہ صورت حال کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر بدر عبد العاطی نے غزہ میں فوری جنگ بندی کے معاہدے اور وہاں انسانی امداد کی بلا روک ٹوک رسائی کے لئے عالمی و علاقائی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیل کی جارحانہ پالیسی کو روکنا ہو گا۔ اسی دوران مصری وزیر خارجہ نے غزہ میں ہسپتالوں اور میڈیکل انفراسٹرکچر کی تباہی کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے قبیح اقدام بین الاقوامی اور انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزی ہیں۔
مصری وزارت خارجہ کے دفتر کے بیان کے مطابق، اس ٹیلیفونک مکالمے میں شام کی صورت حال پر بھی گفتگو ہوئی۔ اس سلسلے میں بدر عبد العاطی نے کہا کہ قاھرہ، شامی عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے شام میں بیرونی مداخلت کے بغیر ایک ایسے جامع سیاسی عمل کے اجراء پر زور دیا جس میں وہاں کے تمام طبقات کی نمائندگی شامل ہو۔ انہوں نے کہا کہ وہاں ایک ایسا سیاسی نظام چاہئے جو شام میں امن و استحکام کے قیام میں مددگار ہو اور دمشق کی ارضی سالمیت و خود مختاری کی ضمانت دے سکے۔ دوسری جانب اس گفتگو میں انٹونی بلنکن نے خطے میں امن و استحکام کے لئے مصر کی کوششوں کو سراہا۔