0
Wednesday 1 Jan 2025 19:03

کرم میں امن کیلئے جاری گرینڈ جرگہ میں اہم پیشرفت، فریقین نے معاہدے پر دستخط کر دیئے

کرم میں امن کیلئے جاری گرینڈ جرگہ میں اہم پیشرفت، فریقین نے معاہدے پر دستخط کر دیئے
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں کرم کی صورتحال پر 3 ہفتے سے جاری گرینڈ جرگہ میں بڑا بریک تھرو سامنے آیا ہے۔ رپورٹوں کے مطابق فریقین نے معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔ نجی ٹی وی ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق جرگہ ممبر ملک ثواب خان نے بتایا کہ فریقین اپیکس کمیٹی کے فیصلے پر عملدرآمد کے پابند ہوں گے، معاملات طے ہو گئے اور تحفظات دور ہو گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ فریقین کے درمیان معاہدے کا اعلان پشاور گورنر ہاؤس میں ہوگا، ان کا کہنا تھا کہ فریقین 14 نکات پر رضا مند ہو گئے۔ پیش رفت کے حوالے سے ملک ثواب خان نے مزید بتایا کہ کوئی بھی فریق بغیر لائسنس کے اسلحہ نہیں رکھ سکے گا، فریقین مورچے خالی کرنے پر رضامند ہو گئے، اسلحہ حکومتی سرپرستی میں جمع کیا جائے گا۔ رپورٹ کے مطابق ایک اور جرگہ ممبر ملک سید اصغر نے کہا کہ فریقین نے معاہدے پر دستخط کر دیے، انہوں نے بھی تصدیق کی کہ فریقین کے درمیان طے معاہدے کا اعلان پشاور گورنر ہاؤس میں ہوگا۔ 

دوسری جانب نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق جرگہ رکن ملک ثواب خان نے تصدیق کی ہے کہ امن معاہدے پر دستخط ہو گئے ہیں، فریقین کی جانب سے 45، 45 افراد نے دستخط کیے ہیں، فریقین 14 نکات پر مشتمل معاہدے  پر متفق ہو گئے ہیں، معاہدے کے تحت فریقین کےدرمیان سیز فائر کا فیصلہ ہوا ہے، فریقین مورچے ختم اور اسلحہ جمع کرائیں گے۔ جرگہ رکن کا کہنا ہے کہ راستے کھولنے اور قیام امن کے لیے منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، معاہدے کی خلاف ورزی کرنے والوں کو حکومت کے حوالے کیا جائے گا، امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے قانون نافذ کرنے والوں کے ساتھ مل کر کام کیا جائے گا۔ معاہدے کے تحت نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا اور بڑا اسلحہ حکومتی تحویل میں دیا جائے گا، فریقین کی جانب سے بنائے گئے مورچے ختم کیے جائیں گے۔

کمشنر کوہاٹ کا کہنا ہے کہ کرم مذاکرات فریقین کے درمیان کامیاب ہو گئے ہیں، تین دستخط رہتے ہیں، باقی دستخط ہو گئے ہیں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے جرگہ رکن ملک ثواب خان کا کہنا تھا کہ سڑکیں کھولنے سے متعلق حکومت فیصلہ کرے گی، کرم میں حالات معمول پر آنے میں کچھ وقت لگے گا، ایک دو مہینے میں حالات بہتر ہو جائیں گے۔ ملک ثواب خان کا کہنا تھا کہ اہل تشیع کی جانب سے انجمن حسینیہ کی سربراہی میں ارکان نے معاہدے پر دستخط کیے جب کہ اہل سنت کی جانب سے انجمن فاروقیہ کی سربراہی میں ارکان نے دستخط کیے۔
خبر کا کوڈ : 1181816
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش