0
Wednesday 1 Jan 2025 18:48

ہستالوں کو فوجی مقاصد کیلئے استعمال کرنے کے اسرائیلی الزامات مبہم اور مشکوک ہیں، اقوام متحدہ

ہستالوں کو فوجی مقاصد کیلئے استعمال کرنے کے اسرائیلی الزامات مبہم اور مشکوک ہیں، اقوام متحدہ
اسلام ٹائمز۔ اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ غزہ کی پٹی کے ہسپتالوں پر یا اس کے آس پاس اسرائیلی حملوں نے صحت کے نظام کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے۔ اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق نے رپورٹ کے ساتھ منسلک ایک بیان میں کہا کہ غزہ اور اس کے ارد گرد کے ہسپتالوں پر مہلک اسرائیلی حملوں کے پیٹرن اور اس سے منسلک جنگی کارروائیوں نے صحت کی دیکھ بھال کے نظام کو مکمل تباہی کے دہانے پر دھکیل دیا ہے۔ اس نے فلسطینیوں کی صحت اور طبی دیکھ بھال تک رسائی کی صلاحیت پر تباہ کن اثر ڈالا ہے۔ منگل کے روز جاری اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ غزہ کے ہسپتالوں کو فلسطینی دھڑوں کی طرف سے عسکری مقاصد کے لیے استعمال سے متعلق اسرائیلی الزامات مبہم ہیں۔ اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کا دعویٰ ہے کہ زیادہ تر معاملات میں فلسطینی مسلح گروپ ہسپتالوں کو استعمال کر رہے تھے، تاہم اس نے ان الزامات کو ثابت کرنے کے لیے بہت کم معلومات فراہم کی ہیں۔

فراہم کردہ معلومات بھی مبہم اور مشکوک ہیں۔ کچھ کیسز میں عوامی طور پر دستیاب معلومات اسرائیلی دعووں کے متضاد معلوم ہوتی ہیں۔ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے وضاحت کی کہ کمال عدوان ہسپتال کو ایسے مریضوں سے خالی کر دیا گیا جنہیں ہیلتھ ورکرز کے ساتھ بیت لاہیہ کے انڈونیشی ہسپتال میں منتقل کیا گیا تھا۔ قابل ذکر ہے کہ اس ہسپتال کو گذشتہ مہینوں کے دوران بارہا اسرائیلی بمباری کا نشانہ بنایا گیا، جب کہ شمالی غزہ میں پہلے سے ہی بگڑتی ہوئی طبی اور انسانی صورتِ حال مزید بگڑ رہی ہے۔ اسرائیل نے حماس کے ارکان کی موجودگی کا دعویٰ کرتے ہوئے ہسپتالوں کے خلاف اپنی مہم جاری رکھی ہوئی ہے۔ دو روز قبل وسطی غزہ شہرمیں الوفا ہسپتال کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں سات فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔ مقامی ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی فوج کے توپ خانے نے الوفا ہسپتال کی بالائی منزل پر بمباری کی جس کے نتیجے میں 7 فلسطینی شہید اور دیگر زخمی ہو گئے جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے۔
خبر کا کوڈ : 1181814
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش