0
Wednesday 1 Jan 2025 18:09

کراچی کی سڑکوں کو یرغمال بنانے کی اجازت نہیں دے سکتے، وزیر داخلہ سندھ

کراچی کی سڑکوں کو یرغمال بنانے کی اجازت نہیں دے سکتے، وزیر داخلہ سندھ
اسلام ٹائمز۔ سندھ کے وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار نے کہا ہے کہ کراچی کی سڑکوں کو یرغمال بنانے نہیں دے سکتے، قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنا کام کریں گے اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے اقدامات کریں گے۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ پاراچنار کے واقعے پر افسوس ہے اور متاثرین کے ساتھ کھڑے ہیں لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ کراچی کی سڑکیں بند کر دی جائیں۔ دھرنے والے کہتے ہیں کہ وہ پرامن ہیں لیکن موٹر سائیکل جلا دیے گئے، ہمارے اہلکار شدید زخمی ہوئے، ایسا کرنے والوں کو پرامن نہیں کہا جا سکتا۔ وزیر داخلہ سندھ نے کراچی میں ٹریفک جام کی تصاویر دکھاتے ہوئے کہا کہ شہر کے یہ حالات ہیں، ہم نے عوام کو تکلیف سے بچانے کے لیے سڑکیں خالی کروانے کے لیے کارروائی کی۔

انھوں نے کہا کہ علمائے کرام کی جانب سے احتجاج کی کالز دے دی گئیں، اس کے بعد حکومت کہاں کھڑی ہے؟ پہلے دن ہمیں کہا گیا کہ احتجاج والے سڑکیں بند نہیں کریں گے لیکن تین دن بعد دھرنے کو شہر کے مختلف مقامات تک پھیلا دیا گیا۔ انھوں نے کہا کہ شہر میں تشدد کی اجازت نہیں دے سکتے اور نہ ہی ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر بیٹھ سکتے۔ دھرنے والوں کو ایک دوسرے مقام کی آفر کرتے ہیں لیکن سڑکیں بلاک کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے۔ انھوں نے مزید کہا کہ معلوم نہیں کون سی قوتیں کراچی کا امن خراب کرنا چاہتی ہیں؟ ہم مسئلے کا پرامن حل تلاش کرنا چاہ رہے تھے لیکن ہمیں کارروائی کرنا پڑی۔ جو ہماری رٹ چیلنج کرے گا، اس کے خلاف کارروائی ہو گی۔
خبر کا کوڈ : 1181807
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش