اسلام ٹائمز۔ پی ٹی آئی اور حکومت کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور کل ہو گا۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف اور حکومت کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور کل 2 جنوری بروز جمعرات کو ہو گا۔ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق یہ مذاکرات کل دن ساڑھے تین بجے پارلیمان ہاؤس میں ہوں گے۔ یاد رہے کہ اس سے پہلے یہ مذاکرات صبح 11:30 بجے ہونا تھے تاہم اب وقت میں ردوبدل کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ پی ٹی آئی اور حکومت کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور 23 دسمبر کو ہوا تھا جس میں حکومت کی طرف سے نامزد کردہ مذاکراتی کمیٹی کے تقریباً تمام اراکین اس اجلاس میں موجود تھے تاہم دوسری جانب پی ٹی آئی کی طرف سے صرف تین اراکین اسد قیصر، صاحبزادہ حامد رضا اور راجہ ناصر عباس شامل تھے جبکہ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب، سلمان اکرم راجہ، حامد خان اور صوبہ خیبرپختونخوا کے وزیر اعلٰی علی امین گنڈاپور اجلاس میں شامل نہیں تھے۔ اجلاس کے اعلامیے کے مطابق دونوں کمیٹیوں نے مذاکرات جاری رکھنے پر آمادگی ظاہر کرتے ہوئے آئندہ اجلاس دو جنوری کو بلانے پر اتفاق کیا تھا جس میں حزب اختلاف اپنے مطالبات تحریری صورت میں حکومت کو دے گی۔ اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ اجلاس سازگار ماحول میں ہوا اور دونوں اطراف نے بات چیت کے ذریعے معاملات کو حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا تھا۔