اسلام ٹائمز۔ اسرائیلی میڈیا نے اعلان کیا ہے کہ غاصب اسرائیلی رژیم کے وسط میں واقع بڑے حصوں میں خطرے کے الارم مسلسل بجتے رہے ہیں۔ اس بارے جاری ہونے والے اپنے بیان میں غاصب اسرائیلی فوج نے بھی اعلان کیا ہے کہ اس نے یمن کی جانب سے یافا (تل ابیب) کی طرف داغے گئے بیلسٹک میزائلوں کا پتہ لگایا ہے جس کے باعث تل ابیب و مقبوضہ بیت المقدس سمیت اشدود، حیفا اور پالماخیم ایئربیس کے وسیع علاقوں میں خطرے کے الارم مسلسل بجتے رہے اور تل ابیب میں واقع بن گورین ہوائی اڈے کو بند کر دیا گیا ہے۔ معروف صہیونی اخبار یدیعوت احرونوت نے بھی غاصب اسرائیلی فوج کے ترجمان سے نقل کرتے ہوئے لکھا ہے کہ یمن کی جانب سے فائر کئے گئے میزائلوں کا مقابلہ کرنے کے لئے ہوائی دفاعی نظام کو از قبل فعال کر دیا گیا تھا تاہم وہ یمنی میزائلوں کو روکنے میں کامیاب نہیں ہو سکا۔ صیہونی میڈیا کے مطابق اس مرتبہ بھی 20 لاکھ سے زائد غاصب صیہونی آبادکار پناہ گاہوں کی جانب دوڑ پڑے۔