اسلام ٹائمز۔ وزیر اطلاعات آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر مولانا پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان کا میزائل پروگرام پوری امت مسلمہ کا اعزاز ہے۔ میزائل پروگرام کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔وزیر اطلاعات نے سابق وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان کی قرارداد پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ سابق وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے اس اہم ترین معاملے پر قرار داد لائی۔ ہر شخص کو اپنی جان مال عزت و آبرو کے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے۔ قرآن کریم اور نبی رحمت صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے بھی اپنے دفاع کیلئے تیاری کا حکم دیا ہے۔ وزیر قانون، انصاف و پارلیمانی امور میاں عبدالوحید نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھی جبکہ میزائل ٹیکنالوجی کو شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے شروع کیا۔ وزیر حکومت پروفیسر تقدیس گیلانی نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں۔ قرارداد پر بحث میں قائد حزب اختلاف خواجہ فاروق احمد، سابق وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی، سردار حسن ابراہیم نے بھی حصہ لیا۔