اسلام ٹائمز۔ آل کراچی تاجر الائنس کے صدر و بانی عام آدمی پارٹی ایاز میمن موتی والا نے کراچی میں شدید پانی کے بحران پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے، جو شہر کے لاکھوں شہریوں کی زندگی کو متاثر کر رہا ہے۔ اپنے بیان میں ایاز میمن موتیوالا نے سندھ حکومت اور کراچی واٹر بورڈ، میئر کراچی سے فوری اور مثر اقدامات اٹھاے کا مطالبہ کیا تاکہ اس دیرینہ مسئلے کو حل کیا جا سکے۔ ایاز میمن موتیوالا نے کہا کہ کراچی کا پانی کا بحران کئی سالوں سے بدانتظامی اور ناقص انفراسٹرکچر کی وجہ سے برقرار ہے، کراچی کے شہری پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کے فور منصوبہ بھی کئی سالوں سے التوا کا شکار ہے، سندھ میں پیپلزپارٹی کی 16 سالوں سے حکومت ہے اور اس وقت میئر کراچی بھی پیپلز پارٹی کا ہے لیکن اس کے باوجود پیپلز پارٹی نے کراچی کے شہریوں کے لئے پانی کی سپلائی کو کوئی نیا منصوبہ نہیں دیا اور نہ ہی کراچی کے شہریوں کے دیگر بنیادی مسائل حل کئے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ اس بحران کے حل کے لیے ایک جامع اور پائیدار حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے تاکہ شہریوں کو صاف اور وافر مقدار میں پانی فراہم کیا جا سکے۔