اسلام ٹائمز۔ یوم ولادت با سعادت حضرت فاطمۃ الزہراء کی مناسبت سے گفتگو میں علامہ سید جواد نقوی کا کہنا تھا کہ حماسہ حسینی اور کار زینبی کا اظہار میدان کربلا میں ہوا لیکن اس کی تخلیق آغوش سیدہ میں ہوئی۔ آج بھی وہی مکتب، نظریہ اور سرمشق غزہ کو جھکنے نہیں دیتا اور ان کی ماؤں کو ذلت پر آمادہ نہیں ہونے دیتا، غزہ کی بنیادیں ان ماوں، بہنوں، بیٹیوں نے تعمیر کی ہیں جو اپنے بچوں کو ایسے پروان چڑھاتی ہیں کہ وہ تمام تر استبداد کے باوجود دشمن سے نبرد آزما رہتے ہیں۔ انہی بچوں نے پتھر ہاتھوں میں لے کر انتفادہ شروع کیا تھا آج انہی پا برہنہ اور ستم دیدہ جوانوں نے طوفان الاقصی میں دشمن صہیونی قوتوں کا غرور اور سطوت اپنے لہو کے سیلاب میں بہا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ باعظمت، عاشورائی اور فاطمی خواتین اپنے گھر بارتباہ و برباد ہونے کے باوجود اپنی سرزمین کو چھوڑ کر بھاگنے کیلئے راضی نہیں ہیں اور بے سرو سامانی کے باوجود استقامت کا استعارہ بنی ہوئی ہیں۔
یوم ولادت با سعادت حضرت فاطمۃ الزہراء سلام اللہ علیھا، یوم تکریم مادر، یوم خواتین اور یوم تاسیس جامعہ اُم الکتاب کی مناسبت سے سالانہ کانفرنس بعنوان مادران غزہ، پیروان سیدہ 23 اکتوبر کو جامعہ ام الکتاب میں منعقد ہوگی، جس کی صدارت علامہ سید جواد نقوی کریں گے۔ کانفرنس میں ملک بھر سے ممتاز علمی، دینی، سماجی و سیاسی شخصیات سمیت ہزاروں خواتین شریک ہونگی۔ مقررین میں ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی، ڈاکٹر لبنی ظہیر، ڈاکٹر سمیرا بتول نقوی، ڈاکٹر عظمی عاشق، پروفیسر ڈاکٹر عابدہ اشرف، وجیہہ مشھدی، آسیہ ارشد، انیلہ محمود، فاطمہ خورشید، پروفیسر نورید فاطمہ، حافظہ سحر عنبرین، عمرانہ مشتاق، ڈاکٹر معصومہ محمود، ڈاکٹر عظمی امتیاز، حافظہ بشری ملک، حمیرا طیبہ و دیگر شامل ہونگی۔