اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ ہم پاراچنار کے مظلوم عوام کے ساتھ ہیں۔ ایم ڈبلیو این نے ملک گیر احتجاج کرکے پیغام دیا کہ پورے پاکستان کے عوام مظلوم پاراچنار کے ساتھ ہیں۔ یہ بات انہوں نے سندھ کے شہر دادو کے مختلف علاقوں کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ علامہ مقصود علی ڈومکی نے اٹھیں شاخ میں زیر تعمیر امام بارگاہ اور مسجد کا دورہ اور عوام سے ملاقات کی، جبکہ گوٹھ غلام حسین گاڈھی میں شیعہ علماء کونسل کے تعلقہ صدر مولانا ظفر علی لغاری کے والد محترم کی وفات پر ورثاء سے تعزیت کی۔ اس موقع پر ضلعی رہنماء اصغر حسینی، ایم ڈبلیو ایم رہنماء مولانا اعجاز علی لغاری، استاد عابد لغاری و دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔
امام بارگاہ میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ اس وقت عالم اسلام اور مقاومتی بلاک عالم کفر اور عالمی استکبار کے خلاف نبرد آزما ہے۔ ولی خدا نائب امام کی قیادت میں دنیا بھر کے صالح انسان خدا کی زمین پر عادلانہ نظام اور دین خدا کے نفاذ کے لئے مصروف عمل ہیں۔ حق و باطل کی اس جنگ میں ہم اہل حق کے ساتھ کھڑے ہیں اور شیطان بزرگ امریکا، اسرائیل اور دیگر شیطانی قوتوں کے خلاف کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد بین المومنین قرآنی حکم اور وقت کی ضرورت ہے۔ ہم پاراچنار کے مظلوم عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ مجلس وحدت مسلمین نے ملک گیر احتجاج کرکے یہ پیغام دیا کہ پورے پاکستان کے عوام مظلوم پاراچنار کے ساتھ ہیں۔