اسلام ٹائمز۔ شامی ذرائع ابلاغ نے دمشق میں باغی گروہ "تحریر الشام" کے سربراہ "محمد الجولانی" اور ترکیہ کے وزیر خارجہ "ھاکان فیدان" کے درمیان ملاقات کی خبر دی۔ اس بارے میں الوطن اخبار نے رپورٹ دی کہ اس ملاقات کے لئے ھاکان فیدان دمشق میں "الشعب محل" پہنچ گئے۔ الشعب محل پہنچنے کے بعد ترک وزیر خارجہ نے محمد الجولانی سے ملاقات کی۔ واضح رہے کہ چند روز قبل قاھرہ سے واپسی پر "رجب طیب اردگان" نے صحافیوں سے گفتگو میں دعویٰ کیا تھا کہ ان شاء الله جلد ہی ہمارے وزیر خارجہ "هاکان فیدان" دمشق جائیں گے جہاں وہ حکومت کی تشکیل میں شامیوں کی مدد کریں گے۔
اس دوران ترکیہ کے صدر نے کہا کہ ہم نشان دہی کر رہے ہیں کہ شام سے دہشت گردوں کو نابود کرنے کا وقت آ گیا ہے اور کسی بھی خطرے کو روکنے کے لئے اس کام کا آغاز ترکیہ کی جنوبی سرحد سے ہو گا۔ یاد رہے کہ 27 نومبر 2024ء کو شامی باغیوں نے بشار الاسد کی حکومت کا تختہ الٹنے کے لئے حلب شہر کے مغرب اور شمال سے اپنی یلغار کا آغاز کیا۔ اس یلغار کے جواب میں شام کی فوج نے کوئی خاطر خواہ مزاحمت نہ کی۔ جس کے نتیجے میں یہ باغی گروہ 11 دن کے کم ترین عرصے میں دمشق پر قابض ہو گیا۔ اس وقت دمشق میں حکومت کی تشکیل کے لئے کوششیں جاری ہیں۔