0
Sunday 22 Dec 2024 18:05

"ون نیشن ون الیکشن" علاقائی جماعتوں کو کمزور کرنے کی کوشش ہے، عمر عبداللہ

"ون نیشن ون الیکشن" علاقائی جماعتوں کو کمزور کرنے کی کوشش ہے، عمر عبداللہ
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر کے وزیراعلٰی عمر عبداللہ نے "ون نیشن ون الیکشن" کو علاقائی جماعتوں کو کمزور کرنے کی ایک سازش قرار دیا ہے۔ جی ایس ٹی کونسل کے اجلاس میں شرکت کے لئے راجستھان پہنچے عمر عبداللہ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ کو اس بل پر مکمل بحث کرنی چاہیئے تاکہ تمام پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد کسی نتیجے پر پہنچا جا سکے۔ عمر عبداللہ نے کہا "ون نیشن ون الیکشن بل پارلیمنٹ کے سامنے موجود ہے، ضروری ہے کہ اس پر مکمل غور و خوض کیا جائے اور تمام جماعتوں کی رائے لی جائے، کچھ ریاستوں میں اس کو پاس کرنا بھی ضروری ہوگا"۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں نہیں لگتا کہ اس بل سے کسی کو فائدہ ہوگا، میرے خیال میں اس کا مقصد علاقائی سیاست کو کمزور کرنا اور علاقائی جماعتوں کے کردار کو محدود کرنا ہے۔

جی ایس ٹی کونسل کے اجلاس کے بارے میں بات کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا کہ اجلاس کا ماحول خوشگوار تھا اور کئی مثبت فیصلے کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس کے دوران پری بجٹ گفتگو بھی ہوئی، جس میں مختلف ریاستوں نے اپنی تجاویز پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ جو باتیں ہم نے مرکزی وزیر خزانہ کے سامنے رکھیں، ان پر عمل کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ "ون نیشن ون الیکشن" بل پر غور کے لئے پارلیمنٹ نے 39 رکنی مشترکہ کمیٹی تشکیل دی ہے۔ اس کمیٹی کی سربراہی بی جے پی کے سینیئر رکن پارلیمنٹ پی پی چودھری کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 1179799
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش