اسلام ٹائمز۔ ترجمان دفترِ خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ کشیدگی میں کمی اور شام کی خود مختاری کا احترام کرنا چاہیئے۔ اسلام آباد میں ترجمان دفتر خارجہ نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں کہا کہ شام کی موجودہ صورتحال علاقائی امن کے لیے خطرہ ہے، شام میں امن اور سکیورٹی کا قیام نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوامِ متحدہ کے اسرائیل سے فلسطینی علاقے خالی کرنے کے مطالبے کی حمایت کرتے ہیں، غزہ میں فلسطینیوں کا قتلِ عام فوری طور پر بند کیا جائے۔ ترجمان نے کہا کہ عالمی برادری غزہ میں انسانی المیے کا نوٹس لے۔ انہوں نے کہا کہ کشتواڑ میں کشمیریوں کی جائیدادوں پر بھارتی قبضے کی مذمت کرتے ہیں۔