ا
اسلام ٹائمز۔ فرینڈز آف کشمیر و فلسطین کا اجلاس اسلام آباد میں سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی صدارت میں منعقد ہوا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ کے ایک وفد نے کنوینر غلام محمد صفی کی قیادت میں شرکت کی۔ وفد میں سینئر حریت رہنما محمد فاروق رحمانی، ایڈوکیٹ پرویز احمد شاہ،حاجی محمد سلطان، مشتاق احمد بٹ، امتیاز احمد وانی،زاہد صفی، محمد اشرف ڈار اور سید گلشن احمد شامل تھے جبکہ امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر ڈاکٹر مشتاق خان اور سابق امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر عبدالرشید ترابی، ڈی جی فرینڈز آف فلسطین بلال الاسطل اور سربراہ سیاسی بیور و فرینڈز آف فلسطین عبدالرحمن السدیس نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے بلال الاسطل اور عبدالرحمان السدیس نے کہا کہ طوفان الاقصی مزاحمت کا آغاز ہے۔ ہم نے دنیا کو اسرائیل کا نسل کش چہرہ دکھا دیا ہے۔ انہوں نے کہا جو آج سب دنیا کے سامنے واضح ہے یہ 1948ء سے ہم پر بیت رہی ہے۔ اس اقدام سے فلسطینی دنیا کو اپنی طرف متوجہ کرنے میں کامیاب رہے اور بہت سارے ممالک نے فلسطینی ریاست کو تسلیم کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ دنیا کے آزاد انسان ہمارے آزادی کے حق کو تسلیم کریں۔ فلسطینی عوام بہادر ہیں اور اپنے وطن کی آزادی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ کشمیری عوام ہمارے درد کو جانتے ہیں، ان کا اور ہمارا معاملہ یکساں ہے۔
سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم جماعت اسلامی پاکستان اور بائیس کروڑ پاکستانی عوام کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطین کے عوام کو یقین دلاتے ہیں پاکستان کا بچہ بچہ آپ کی آزادی کی جدوجہد میں شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ جب تک مقبوضہ جموں و کشمیر بھارت کے جابرانہ اور غاصبانہ قبضے سے اور فلسطین اسرائیل کے پنجہ غلامی سے آزاد نہیں ہو جاتا تب تک پوری پاکستانی قوم آپ کی حمایت کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم یہ بھی یقین دلاتے ہیں کہ پاکستان کی تمام سیاسی، مذہبی اور سماجی تنظیمیں مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین پر ہم آواز اور متحد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم موجودہ حکومت سے توقع کرتے ہیں کہ وہ مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین کو اپنی ترجیحات میں شامل کرے گی۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی نے کہا کہ ہم بھارت اور اسرائیل کو ایک ہی سمجھتے ہیں۔ کشمیر میں اسرائیل بھارت کی مدد کرتا ہے اور اسی طرح فلسطین میں بھارتی فوج فلسطینی لوگوں کے قتل عام میں ملوث ہے۔ لیکن ہم ثابت قدمی سے ان کا مقابلہ کررہے ہیں اور انشااللہ ہم اپنی اس مبنی برحق جدوجہد میں سرخرو ہون گے۔ اجلاس کے آخر میں فلسطینی اور کشمیری شہداء کے بلند درجات اور امت مسلمہ کی کامیابی و کامرانی کے لئے دعا کی گئی۔