اسلام ٹائمز۔ برطانیہ میں آل پارٹیز انٹرنیشنل کشمیر کوآرڈینیشن کمیٹی نے وزیراعظم کیئر اسٹارمر پر زور دیا ہے کہ وہ تنازعہ کشمیر کو حل کرانے کے لئے کردار ادا کرنے کا اپنا وعدہ پورا کریں۔ ذرائع کے مطابق تحریک کشمیر برطانیہ کے رہنما اور آل پارٹیز انٹرنیشنل کشمیر کوآرڈینیشن کمیٹی کے چیئرمین فہیم کیانی کی قیادت میں ایک وفد نے ٹین ڈائوننگ سٹریٹ میں ایک پٹیشن جمع کرائی جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ برطانیہ تنازعہ جموں و کشمیر کو حل کرانے کے لئے فیصلہ کن اقدامات کرے۔ وفد میں معروف برطانوی ارکان پارلیمنٹ اینڈریو پیکس، گیرتھ سنیل، نادیہ وائٹوم اور ڈیوڈ ولیمز شامل تھے۔ دیگر قابل ذکر شرکاء میں سٹوک آن ٹرینٹ کونسل کے ڈپٹی لیڈر محمد امجد وزیر، کونسلر زینب راجہ، کونسلر ماجد حسین اور ریڈنگ میں پاکستان کمیونٹی سینٹر کے صدر محمد سلیم شامل تھے۔ درخواست میں وزیراعظم سٹارمر کو مسلم کونسل آف برطانیہ کی عفت نواز کے نام ان کا 2020ء کا خط یاد دلایا گیا جس میں انہوں نے مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کی اہمیت پر زور دیا تھا۔
درخواست میں لیبر حکومت پر زور دیا گیا ہے کہ وہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے لیے اقوام متحدہ کی طرف سے تسلیم شدہ استصواب رائے کے حق پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات کرے۔ پٹیشن میں 1947ء سے جموں و کشمیر پر بھارتی قبضے کی مذمت کی گئی ہے جسے 10لاکھ سے زائد فوجیوں، پیراملٹری فورسز اور پولیس اہلکاروں کی مدد سے طول دیا جا رہا ہے۔ پٹیشن میں مودی حکومت کی پالیسیوں کے تحت جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بھی اجاگر کیا گیا اور انہیں نسل کشی کے مترادف قرار دیا گیا جن کا مقصد خطے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنا ہے۔ درخواست میں وزیراعظم اسٹارمر سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ کشمیریوں کے لیے انصاف، انسانی حقوق اور حق خودارادیت کی وکالت کریں۔ پٹیشن میں پاکستان اور آزادی پسند کشمیری قیادت کے ساتھ بات چیت کے ذریعے سفارتی حل کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔