0
Tuesday 10 Dec 2024 19:01

جامعہ کراچی میں سیمینار بعنوان ”اسلام میں عورت کا مقام“، حرم حضرت عباسؑ کے وفد کی خصوصی شرکت

جامعہ کراچی میں سیمینار بعنوان ”اسلام میں عورت کا مقام“، حرم حضرت عباسؑ کے وفد کی خصوصی شرکت
اسلام ٹائمز۔ حرم حضرت ابوالفضل العباس علیہ السلام کے متولی اور کربلا معلیٰ میں آیت اللہ العظمیٰ سید علی سیستانی کے نمائندے علامہ السید احمد الصافی کے دفتر کے مدیر خاص ڈاکٹر سید افضل عباس مہدی الشامی کا کہنا ہے کہ مغرب انسانی حقوق کا علمبردار ہونے کے باوجود خواتین کو آج تک وہ مقام اور حقوق نہیں دے سکا، جو حقو ق اور مقام اسلام نے عورت کو دیا ہے، دین اسلام کی یہ امتیازی خصوصیت ہے کہ اس نے عورت اور کنبے کی کفالت کی ذمہ داری مرد پر ڈالی ہے، جبکہ مغرب میں اس کے برعکس ہوتا ہے اور وہاں پر خواتین کو خود کمانا پڑتا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کلیہ معارف اسلامیہ جامعہ کراچی کے زیر اہتمام خاتونِ جنت حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے یوم ولادت باسعادت کی مناسبت سے چائنیز ٹیچرز میموریل آڈیٹوریم جامعہ کراچی میں منعقدہ سیمینار بعنوان ”اسلام میں عورت کا مقام“ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر سید افضال عباس مہدی الشامی نے کہا کہ اسلام میں عورت کو ایک خاص مقام، عزت و مرتبہ حاصل ہے اور عورت کو دنیا میں آنے کے بعد مرتے دم تک عزت اور وقار کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، جبکہ مغرب میں زندگی کے آخری مراحل میں عورت کو تنہا اور بے یارومددگار چھوڑ دیا جاتا ہے۔

ڈاکٹر سید افضال عباس مہدی الشامی نے اتنے اہم موضوع پر سیمینار کے انعقاد پر رئیس کلیہ معارف اسلامیہ اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔ سابق رکن اسلامی نظریاتی کونسل و اسسٹنٹ پروفیسر شعبہ اسلامک لرننگ جامعہ کراچی ڈاکٹر عمیر محمود صدیقی نے کہا کہ اگر کسی بھی اعتبار سے اہل جنت میں سے خواتین کی کوئی صفات بیان ہوئی ہیں یا اہل ایمان اور اہل اسلام میں ان عظیم المرتبت عورتوں کی صفات بیان ہو رہی ہیں، جن کیلئے اللہ تعالیٰ نے جنت اور مغفرت کو تیار کر رکھا ہے، ان سب کی سیدہ اور امام حضرت فاطمتہ الزہرا (س) کی ذات اقدس ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حضرت فاطمتہ الزہرا (س) کو ریفرنس بنایا جائے تو حقیقی طور پر ہم خواتین کا درست اور صحیح مقام جو اسلام نے عطا کیا ہے، اس کو جان سکتے ہیں۔

رئیس کلیہ فنون و سماجی علوم جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر شائستہ تبسم نے کہا کہ اسلام نے عورت کو تمام حقوق دیئے ہیں، البتہ مغرب میں خواتین کے حقوق کا پیمانہ الگ ہے، جبکہ ہمارا پیمانہ الگ ہے، اس بات کو ہمیں ماننے اور سمجھنے کی ضرورت ہے، ہم سب خواتین کیلئے یہ ایک بہت بڑی اعزاز کی بات ہے کہ سب سے پہلے اسلام قبول کرنے والی خاتون حضرت خدیجہ (س) تھیں۔ کلیہ معارف اسلامیہ کی پی ایچ ڈی اسکالر سیدہ ثروت زہرہ زیدی نے کہا کہ حضرت فاطمتہ الزہرا (س) کی سیرت و کردار خواتین عالم کیلئے مشعلِ راہ اور ہدایت کا مرکز ہے، اپنی خاندانی زندگی کو باطریق احسن نبھانے کے ساتھ ساتھ اجتماعی معاملات میں بھی آپؑ کا کردار و گفتار مشعل راہ ہے۔ رئیس کلیہ معارف اسلامیہ جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر زاہد علی زاہدی نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے سیمینار کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی اور سیمینار کے اختتام پر تمام مہمانوں اور مقررین کا شکریہ ادا کیا۔سیمینار کے اختتام پر شیخ صلاح علوان کربلائی نے دعا کرائی۔
خبر کا کوڈ : 1177581
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش