اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی فائنل کال پر احتجاج کی ناکامی کے بعد سوشل میڈیا پر جھوٹا پروپیگنڈا کرنیوالوں کیخلاف ایف آئی اے نے ملک بھر میں کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے۔ جھوٹا پروپیگنڈا کرنیوالوں کیخلاف بنائی جانیوالی خصوصی ٹاسک فورس نے گرینڈ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ اس حوالے سے ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ نے مقدمات کا اندراج اور گرفتاریاں شروع کر دی ہیں۔ لاہور سمیت پنجاب کے دیگر اضلاع میں 69 ایف آئی آرز کا اندراج کر لیا گیا ہے جبکہ سائبر کرائم ونگ نے جھوٹا پروپیگنڈا کرنیوالے 23 ملزمان کو گرفتار بھی کر لیا ہے۔
ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ اسلام آباد نے 52 ایف آئی آرز کا اندراج کیا ہے۔ کراچی میں 16، سکھر 4 اور حیدر آباد میں 5 ایف آئی آرز کا اندراج کیا گیا ہے۔ ایف آئی اے کوئٹہ نے بھی 7 مقدمات کا اندراج کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ملک بھر میں جھوٹا پروپیگنڈا کرنیوالوں کیخلاف 149 ایف آئی آرز کا اندراج ہو چکا ہے۔ ایف آئی اے نے ملک بھر میں اب تک 22 سوشل میڈیا ایکٹیویسٹس کو گرفتار کیا ہے۔ ایف آئی اے نے ملزمان کی گرفتاریوں کیلئے117 مقامات پر چھاپے مارے ہیں۔