0
Thursday 12 Dec 2024 02:17

عالمِ اسلام کا ہر ملک اسرائیلی جارحیت کی زد میں ہے، لیاقت بلوچ 

عالمِ اسلام کا ہر ملک اسرائیلی جارحیت کی زد میں ہے، لیاقت بلوچ 
اسلام ٹائمز۔ نائب امیر جماعت اسلامی، سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش و شام میں غاصب قابضین کی حکمرانی کا سورج بھیانک انجام کیساتھ اختتام پذیر ہوکر غروب ہوچکا، تاریخ نے ثابت کردیا کہ عوام کے حقوق پر ڈاکہ زنی کرکے قابض ہونے والے حکمران طویل مدت تک مسلط نہیں رہ سکتے، یہ بھی واضح ہوچکا کہ مسلم ممالک پر حکمرانی کا واحد راستہ اِن ممالک کے آئین، قانون، عوام کے جمہوری اور انسانی حقوق کی بالادستی ہی ہے، یہی وہ راستہ ہے جس سے پورا عالمِ اسلام تہہ در تہہ بحرانوں سے نجات پاسکتا ہے، طویل عرصہ سے ظلم و جبر کا شکار مسلم ممالک کے عوام نہ صرف اپنی اقتصادی تباہی پر گریہ کناں ہیں بلکہ وہ اپنی ذلت، رسوائی، قتلِ عام اور بنیادی انسانی حقوق غصب کیے جانے پر بھی شدید مایوسی اور اضطراب کا شکار ہیں، مسلم ممالک کی عوام اور حکمرانوں کے درمیان بداعتمادی اور تفاوت کا یہ فلسفہ مسلم دشمن استعماری قوتوں کو مداخلت کی سہولت کاری کا سبب بن گیا ہے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی قائدین کی آن لائن کانفرنس 12 دسمبر کو ہوگی، شام و فلسطین کی صورتِ حال، کرم (خیبرپختونخوا) میں مستقل امن اور مدارس رجسٹریشن مسئلہ پر قائدین اظہارِ رائے اور لائحہ عمل بنائیں گے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ اسرائیل غزہ، لبنان کے بعد شام پر براہِ راست بمباری کررہا ہے، اسے ہر طرف جارحیت کی کھلی چھٹی امریکہ اور اقوام متحدہ نے دے دی ہے، عالمِ اسلام کا ہر ملک اسرائیلی جارحیت کی زد میں ہے، عالمی سطح پر مسلم ممالک کی قیادت کو ہر لمحہ بڑھتے اسرائیلی جارحیت کو کچلنے کے لیے لائحہ عمل بنانا ہوگا، عالمِ اسلام کی قیادت مسلم عوام کے تیور اور مسلم دشمن قوتوں کی سازش کو سمجھیں، بدلتے حالات کا پیغام ہے کہ پاکستان، ایران، افغانستان بِلاتاخیر اپنے تعلقات ٹھیک اور پائیدار بنیادوں پر مضبوط بنائیں، ایران اور پاکستان کے لیے خطرات امنڈتے چلے آرہے ہیں۔
 
خبر کا کوڈ : 1177849
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش