اسلام ٹائمز۔ تحریک بیداری اُمت مصطفی کے زیراہتمام ملتان کے مقامی ہال میں ''وحدت اُمت'' کانفرنس بعنوان لبیک یا غزہ، لبیک یا اقصی منعقد ہوئی۔ کانفرنس کی صدارت سربراہ تحریک بیداری اُمت مصطفی سید جواد نقوی نے کی۔ جبکہ شرکائے کانفرنس میں سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق، نائب امیر جماعت اسلامی و جنرل سیکرٹری ملی یکجہتی کونسل پاکستان لیاقت بلوچ، پیر معین الدین کوریجہ، حافظ محمد اسلم، صہیب عمار صدیقی، حافظ اللہ دتہ کاشف، علامہ ظفر حسین حقانی، علامہ عظیم حر نجفی، ڈاکٹر صفدر اقبال ہاشمی اور دیگر موجود تھے۔ کانفرنس میں خواتین و حضرات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کانفرنس ہال لبیک یااقصیٰ، لبیک یا غزہ کے کے نعروں سے گونج اُٹھا، کانفرنس میں ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے مختلف شہروں سے عوام نے شرکت کی اور فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ کانفرنس کے اختتامی خطاب میں سربراہ تحریک بیداری اُمت مصطفیٰ سید جواد نقوی نے کہا کہ آج کربلائے فلسطین میں حسینی کردار کی ضرورت ہے، اپنی آواز مظلومین کے حق میں بلند کریں کیونکہ ظالم کے ظلم پر خاموش رہنا ظلم کے برابر ہے۔