0
Tuesday 24 Sep 2024 22:55

خطہ ایک بڑی جنگ کے دہانے پر ہے، سید عباس عراقچی

خطہ ایک بڑی جنگ کے دہانے پر ہے، سید عباس عراقچی
اسلام ٹائمز۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 79ویں اجلاس میں شرکت کی مناسبت سے اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ "سید عباس عراقچی" ایک ماہر وفد کے ہمراہ نیویارک میں موجود ہیں جہاں انہوں نے آج اپنے اطالوی ہم منصب "انٹونیو تاجانی" سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں سید عباس عراقچی نے لبنان پر صیہونی حملوں کی مذمت کی۔ انہوں نے انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ خطہ ایک بڑی جنگ کے دہانے پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ امریکہ اور دیگر مغربی ممالک صیہونی رژیم کے حملوں کو نہیں رکوا رہے اس لئے وہ نتائج کے خود ذمے دار ہیں۔ ایرانی وزیر خارجہ نے لبنان میں جنگ بندی کے حوالے سے اٹلی اور بعض دیگر ممالک کے مطالبے کا ذکر کیا۔ اس بابت انہوں نے کہا کہ یہ صیہونی رژیم کے حامیوں کی ذمے داری ہے کہ وہ بچوں اور خواتین سمیت سینکڑوں افراد کی شہادت کی وجہ بننے والے ان صیہونی حملوں کو بند کروائیں۔
 
سید عباس عراقچی کہا کہ غزہ میں ایک سال کی وحشیانہ بمباری کے باوجود اسرائیل کو ایک بھی ہدف حاصل نہیں ہو سکا۔ اسی لئے یہ رژیم مایوسی کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کی اجازت نہیں دی جا سکتی کہ صیہونی رژیم اپنی خفت مٹانے کے لئے خطے کو جنگ کے شعلوں میں دھکیل دے۔ دوسری جانب اطالوی وزیر خارجہ نے جنوبی لبنان کی سنگین صورت حال کا ذکر کیا۔ انہوں نے جنگ کو روکنے اور جنگ بندی کے اجراء کے لئے سفارتی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔ واضح رہے کہ انٹونیو تاجانی قبل ازیں ایک ٹیلیفونک رابطے کے ذریعے سید عباس عراقچی کو وزارت خارجہ کا عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد بھی دے چکے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 1162180
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش