0
Wednesday 25 Sep 2024 00:56
جنگ کا دائرہ پھیلنے کے خطرناک نتائج برآمد ہوں گے

عرب ممالک نے لبنان کی حکومت اور عوام سے یکجہتی کا اعلان کردیا

قطر نے جنوبی لبنان پر صیہونی جارحیت کی مذمت کی
عرب ممالک نے لبنان کی حکومت اور عوام سے یکجہتی کا اعلان کردیا
اسلام ٹائمز۔ عرب ملکوں نے لبنان کے خلاف صیہونی جارحیت کے نتیجے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے مقابلے میں لبنان کی حکومت اور عوام سے یکجہتی پر زور دیا ہے۔متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں جنوبی لبنان پر صیہونی جارحیت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ جنوبی لبنان پر جارحیت سے پیدا ہونے والی کشیدگی اور اس کے نتائج سے علاقے کے امن و استحکام پر برے اثرات مرتب ہوں گے۔ متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ نے جنگ و خونریزی بند اور بین الاقوامی قوانین کی پابندی کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا۔ قطر نے بھی جنوبی لبنان پر صیہونی جارحیت کی مذمت کی اور کہا کہ صورتحال جنگ کا دائرہ وسیع ہونے کی طرف بڑھتی جا رہی ہے۔ قطر نے اس کے ابتر نتائج پر خبردار بھی کیا۔ قطر کی وزارت خارجہ نے کہا کہ صیہونی حکومت کے اقدامات کو روکا نہیں جا رہا ہے اور بین الاقوامی قوانین کی جاری خلاف ورزی جنگی جرائم کا باعث بن رہی ہے۔ قطر کی وزارت خارجہ نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ اپنی ذمہ داری پر عمل کرتے ہوئے صیہونی حکام کو جارحیت بند کرنے پر مجبور کرے۔

سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے بھی لبنان کے حالات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جنگ و جارحیت کا دائرہ وسیع تر ہونے کے نتائج پر خبردار کیا۔ ریاض نے لبنان کے قومی اقتدار اعلیٰ کا احترام کئے جانے پر زور دیا اور بین الاقوامی قوانین کی پابندی کئے جانے کا مطالبہ کیا۔ شام کی وزارت خارجہ نے بھی ایک بیان میں لبنانی قوم کے خلاف صیہونی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی حکومت کو اگر امریکی حمایت حاصل نہیں ہوتی تو وہ کبھی ایسے جرائم کا ارتکاب کرنے کی جرائت نہیں کرتی۔ جنوبی لبنان میں تعینات اقوام متحدہ کی امن محافظ فورس یو این آئی ایف آئی ایل نے لبنانی عوام پر صیہونی حکومت کے حملوں کو بین الاقوامی کنوینشنوں کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔ یونیفل نے لبنانی شہریوں کو جارحیت کا نشانہ بنائے جانے پر تشویش کا اظہار کیا اور عام شہریوں کو تحفظ فراہم کئے جانے کی ضرورت پر تاکید کی۔ اقوام متحدہ کی امن محافظ فورس کے کمانڈر نے علاقے میں فوری طور پر جنگ بند کئے جانے کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا کہ جنگ کا دائرہ پھیلنے کے خطرناک نتائج برآمد ہوں گے اور پورے علاقے کا امن و استحکام، بری طرح سے متاثر ہو گا۔
خبر کا کوڈ : 1162201
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش