0
Thursday 19 Sep 2024 10:05

بھارت انتخابی ڈرامے کے ذریعے مقبوضہ کشمیر میں ایک کٹھ پتلی اسمبلی چاہتا ہے، علی رضاسید

بھارت انتخابی ڈرامے کے ذریعے مقبوضہ کشمیر میں ایک کٹھ پتلی اسمبلی چاہتا ہے، علی رضاسید
اسلام ٹائمز۔ کشمیر کونسل یورپ کے چیئرمین علی رضا سید نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں انتخابی ڈرامے کے ذریعے ایک کٹھ پتلی اسمبلی قائم کرنا چاہتا ہے۔ ذرائع کے مطابق علی رضا سید نے برسلز میں جاری ایک بیان میں 5اگست 2019ء کو دفعہ370 اور 35 اے کی منسوخی کے بھارت کے فیصلے کی مذمت کی جس سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم ہو گئی تھی۔ انہوں نے بھارت کی طرف سے علاقے کے ڈومیسائل قوانین میں تبدیلیوں پر بھی تنقید کی جس سے غیر کشمیریوں کو متنازعہ علاقے میں بسایا گیا اور علاقے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوشش کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت علاقے میں دس لاکھ فوجیوں کی موجودگی میں اور آزادی اظہار رائے ور آزاد میڈیا پر پابندی کے باوجود اسمبلی انتخابات کروا کر عالمی برادری کو گمراہ کر رہا ہے۔ علی رضا سید نے انتخابات کے جواز پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ مسرت عالم بٹ، محمد یاسین ملک اور انسانی حقوق کے کارکن خرم پرویز سمیت اہم کشمیری رہنما بھارتی جیلوں میں نظربند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی منشا پر ہونے والے انتخابات مسئلہ کشمیر کا حل نہیں اور نہ ہی یہ حق خود ارادیت کا نعم البدل ہو سکتے ہیں۔ علی رضا سید نے کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کی اجازت دینے کے لیے اقوام متحدہ کی زیر نگرانی رائے شماری کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر پر بھارت کا قبضہ غیر قانونی ہے اور کشمیری اسے مسترد کرتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 1160934
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش